سابق کرکٹرز قومی ٹیم کے کم بیک کیلئے پُرامید

August 13, 2020

سابق کرکٹرز انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم سے کم بیک کی امیدیں لگائے ہوئے ہیں، سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پہلے بیٹنگ کا فیصلہ اچھا ہے، پاکستان کو فائدہ ہوگا، محمد یوسف اور ثقلین مشتاق نے کہا کہ امید ہے فواد عالم پرفارم کریں گے۔

لاہور میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز کے لحاظ سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ خوش آئند ہے، چوتھے اور پانچویں روز بیٹنگ کرنا آسان نہیں، اسپنرز کو مدد ملے گی۔

سابق کلاسک بیٹسمین محمد یوسف کا کہنا ہے کہ بولنگ میں ہماری ٹیم نے کچھ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ ہار گئے، اُمید ہے کہ قومی ٹیم اچھا کھیل کر کم بیک کرے گی۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ ایک عرصے بعد ٹیم میں جگہ بنانے پر فواد عالم پردباؤ ہوگا۔

ثقلین مشتاق نے محمد یوسف اور عبد الرزاق کی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تقرریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی ایسوسی ایشنز کے کوچز کا جلد باضابطہ اعلان کر رہا ہے۔