مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی کو سندھ سے واپس کے پی بھیج دیا گیا

August 13, 2020

مولانافضل الرحمان کے بھائی گریڈ 19 کے افسر ضیاء الرحمان کو سندھ سے واپس خیبرپختونخوا بھیج دیا گیا۔

سندھ حکومت نے گریڈ 19 کے افسر ضیاء الرحمٰن کی خدمات واپس کر دیں اور انہیں خیبر پختونخوا حکومت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ حکومت نے 10 اگست کو ضیاء الرحمٰن کی خدمات وفاق کو واپس کرنے کے بجائے ہدایت کی تھی کہ وہ بطور ڈی سی اپنا کام جاری رکھیں حالانکہ وفاق نے ضیاالرحمٰن کی خدمات واپس لے لی تھیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ضیا الرحمٰن کی خدمات واپسی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے باوجود وہ کراچی میں ہی تعینات رہے۔

واضح رہے کہ ضیاء الرحمٰن کی خدمات چند ہفتے قبل سندھ حکومت کے حوالے کی گئی تھیں، جو بعد ازاں واپس لے لی گئی تھیں۔

امیر جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی ضیاءالرحمٰن کی تعیناتی کا تنازع اس قدر شدت اختیار کر چکا تھا کہ وفاقی حکومت اور حکومت سندھ ایک دوسرے کے مدِمقابل آگئی تھیں۔