خدمت کے سفر میں رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، عثمان بزدار

August 13, 2020

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

پنجاب کابینہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے لیے رولز آف بزنس 2011، پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950 اورپنجاب گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2020 میں ترامیم کی منظوری دے دی۔

صوبے کی پہلی اسپیشل ایجوکیشن پالیسی 2019 اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کو صوبہ بھرمیں ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 34واں اجلاس ہوا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے لیے رولز آف بزنس 2011 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار ہوگا۔

کابینہ نے ساؤتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیرہ غازی خان کے قیام کی منظوری دی۔

پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950میں ترمیم کے تحت حکومت کی جانب سے کرشنگ سیزن کی نوٹیفائیڈ تاریخ پر کرشنگ نہ کرنے والی ملوں کو بھاری جرمانہ کیا جاسکے گا۔ منظور کی گئی پہلی اسپیشل ایجوکیشن پالیسی 2019 میڈیکل ماڈل سے سوشل ماڈل تک کور کرے گی۔

کابینہ نے لاہور کالج ویمن یورنیورسٹی جھنگ سب کیمپس کو یونیورسٹی آف جھنگ کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی۔

سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں 6 انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی بندش کی منظوری بھی دی گئی۔

چیرٹیز کی آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں صرف نعروں سے جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلایا گیا۔ آج وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئے ہیں۔