مریم نواز ہماری بہن ہیں، ان کی عزت ہم سب کی عزت ہے، مولانا عبدالغفور حیدری

August 13, 2020

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مریم نواز ہماری بہن ہیں، ان کی عزت ہم سب کی عزت ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کوئی عام خاتون نہیں وہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے دفتر پر پیشی کے دوران ہونے والے حملے کی جمعیت علماء اسلام (ف) نے بھرپور مذمت کی ہے۔

عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ میں نے آج سینیٹ میں اس واقعے کی مذمت کی اور واک آؤٹ بھی کیا۔

انھوں نے کہا کہ چاہیے تو ن لیگ کو تھا کہ وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے اور ان کا سخت ردِعمل آتا۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے پارٹی سربراہ کی صاحبزادی پر ہونے والے حملے کا نوٹس ہی نہیں لیا۔