بولان میں سیلابی ریلے سے متاثرہ گیس پائپ لائن بحال نہیں ہوسکی

August 13, 2020

بلوچستان کے ضلع بولان کےعلاقے بی بی نانی میں سیلابی ریلے سے متاثرہ گیس پائپ لائن چھ روز بعد بھی بحال نہیں ہوسکی، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارہ انچ قطر کی ایک سوئی گیس پائپ لائن سے آج رات یا کل صبح تک گیس بحال ہوجائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر مچھ سید سمیع اللّٰہ نے کہا کہ بی بی نانی میں سیلابی ریلوں سے متاثرہ سوئی گیس پائپ لائنوں کی مرمت کا کام دن رات جاری ہے اور بارہ انچ قطر کی ایک گیس پائپ لائن کی مرمت تکمیل کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آج رات یا کل صبح تک اس لائن سے سوئی گیس کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ دیگر متاثرہ پائپ لائنوں کی مرمت کا کام بھی دن رات جاری ہے، دو روز میں تمام گیس پائپ لائنوں کی مرمت کا کام مکمل ہوجائے گا۔

دوسری جانب بی بی نانی کے قریب سوئی گیس کے متاثرہ گیس پائپ لائنوں کی مرمت اور بحالی مکمل نہ ہونے سے کوئٹہ کو جزوی اور پشین، مستونگ اور قلات کو گیس کی مکمل فراہمی معطل ہے، جس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔