کراچی صوبہ سندھ کا دارالحکومت ہے، رضا ربانی

August 13, 2020

سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ کراچی صوبہ سندھ کا دارالحکومت ہے، گزشتہ روز اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں بیان دیا کہ کراچی سے متعلق مختلف آئینی اور قانونی آپشن زیرغور ہیں۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ گزارش ہے کہ اٹارنی جنرل کو آئندہ اجلاس میں بلائیں، اٹارنی جنرل کو اپنے بیان کی وضاحت دینا ہو گی۔

رضا ربانی نے کہا کہ یہ اختیار پارلیمنٹ اور متعلقہ اسمبلی کا ہے، ہم نے کوشش کی ہے کہ اداروں کا ٹکراؤ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر اٹارنی جنرل یہ سمجھتے ہیں کہ آئین کو اپنے فائدہ کےلیے موڑ سکتے ہیں تو ایسا نہیں ہوگا، پارلیمنٹ اس بات کی اجازت نہیں دے گی۔

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو ممکن ہو کہ اداروں کا ٹکراؤ سامنے آئے، جبکہ حکومت کو تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کہ وہ آگ سے کھیل رہے ہیں۔