آر کیلی کے تین دوستوں پر متاثرہ خواتین کو دھمکانے کے الزامات

August 14, 2020

کیلی فورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)متعدد نابالغ اور کم عمر لڑکیوں سمیت خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے، ریپ اور انہیں جنسی لذت کے لیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے الزام میں قید امریکی گلوکار رابرٹ سلویسٹر کیلی (آر کیلی) کے کیس میں پراسیکیوٹرز نے ان کے تین دوستوں پر بھی الزامات عائد کردیئے۔ میڈیاکے مطابق نیویارک کے وفاقی پراسیکیوٹرز نے جاری بیان میں تصدیق کی کہ گلوکار کے تین قریبی دوستوں پر متاثرہ خواتین اور ان کے اہل خانہ کو دھمکانے اور بلیک میل کرنے کے الزامات عائد کردیے گئے۔پراسیکیوٹرز نے آر کیلی کے تین دوستوں رچرڈ ارلائن، جونیئر ڈونیل رسل اور مائیکل ولیمز پر گلوکار پر مقدمے کرنے والی خواتین کو دھمکانے، پیسوں کے عوض مقدمات واپس لینے اور انہیں بدنام کرنے کی دھمکیوں کے الزامات عائد کیے۔گلوکار کے تینوں دوستوں پر الزام ہے کہ انہوں نے گلوکار کو بچانے کے لیے اپنے دوست پر الزام لگانے والی خواتین میں سے ایک کو مقدمہ واپس لینے کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی پیش کش کی۔جب کہ ان کے دوستوں میں سے ایک نے ایک اور خاتون کو مقدمہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں ان کی برہنہ ویڈیوز اور تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی بھی دی۔علاوہ ازیں گلوکار کے دوستوں میں سے ایک نے آر کیلی پر مقدمہ دائر کرنے والی ایک خاتون کو گاڑی کو آگ لگا کر انہیں قتل کا خوف دے کر مقدمہ واپس لینے کی دھمکی بھی دی۔