پاکستان کا برطانیہ سے الطاف حسین انور اور افتخار کی حوالگی کا مطالبہ

August 14, 2020

پاکستان کا برطانیہ سے الطاف حسین انور اور افتخار کی حوالگی کا مطالبہ

لندن(مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان نے برطانیہ سے مطالبہ کیاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے بانی اورسربراہ الطاف حسین، محمد انور اور افتخار حسین کو پاکستان کے حوالے کیاجائے تاکہ ان پر متحدہ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کامقدمہ چلایاجاسکے،پاکستان نے برطانیہ سے یہ مطالبہ جس کی بعض تفصیلات باوثوق ذرائع نے اس رپورٹر کو فراہم کی ہیں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے خالد شمیم، محسن علی سید اورمعظم علی کو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے مقدمے میں عمر قید سنائے جانے کے تقریباً 2 ماہ بعد کیا ہے۔یہ پہلا مقدمہ تھا جس میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے قانونی معاونت کے باہمی فارمولے کے تحت تمام شواہد پاکستان کے حوالے کردئے تھے،اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے ارکان مقدمے کی سماعت مکمل ہونے تک پاکستان میں موجود رہے، اس مقدمے میں ایک درجن سے زیادہ گواہ لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے،اب پاکستان نے الطاف حسین ،محمد انور اور افتخار حسین کو اسی مقدمے میں پاکستان کے حوالے کرنے کامطالبہ کیاہے ،3ملزمان کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے عدالت نے ایم کیوایم لندن کے رہنمائوں کو اس مقدمے میں مطلوب ملزم نامزد کیاتھا ،ذرائع کے مطابق پاکستان نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کہاہے کہ برطانوی حکام کی جانب سے شیئر کئے گئے شواہدکی بنیاد پر پاکستان میں 3 ملزمان کو سزا سنادی گئی ہے اور ان ہی شواہد سے یہ ثابت ہوتاہے کہ یہ قتل ایک بڑی مجرمانہ سازش کا نتیجہ تھا جس میں الطاف ،انور اور افتخار بھی ملوث تھے ،ذرائع کاکہناہے کہ برطانوی حکومت سے کہاگیا ہے کہ خود ان کے تفتیش کاروں نے یہ سزا ممکن بنائی اور دونوں ملکوں کے تعاون سے ہی ایسا ممکن ہوسکا۔ان تینوں کو پاکستان کے حوالے کرنے کامطالبہ کرنے کے ساتھ ہی پاکستان نے برطانوی حکومت سے ان تینوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں تفتیش کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔پاکستان کاکہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل عام قتل نہیں ہے بلکہ یہ ایک منظم سازش ،مذموم پلاننگ اور فنڈنگ کا نتیجہ تھا ،ذرائع کے مطابق پاکستان میں الطاف حسین، محمد انور اور افتخار حسین کی املاک بھی ضبط کررہاہے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے الطاف حسین ،انور کاشف کامران اورافتخار کے وارنٹ بھی جاری کردئے ہیں۔