سپریم کورٹ،کورنگی روڈ پر تجاوزات کیخلاف کمشنر ، ڈی ایچ اے و دیگر کو نوٹس، جواب طلب

August 14, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے کورنگی روڈ پر تجاوزات سے متعلق درخواست پر کمشنر کراچی ، کے ایم سی ، ڈی ایچ اے و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت شہری خاتون کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی ایچ اے میں کورنگی روڈ پر تجاوزات قائم ہیں، اونچی اونچی عمارتیں بن رہی ہیں اور ہیوی ٹریفک دن کے اوقات میں چلتی ہے ، اس روڈ پر بہت ہیوی ٹریفک ہے سکون سے رہ نہیں سکتے ۔ چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے استفسار کیا کہ یہ اہم مسئلہ ہے اس روڈ پر اتنی ہیوی ٹریفک کیوں چل رہی ہے، دن کے وقت کیسے اجازت دے دی آپ نے ہیوی ٹریفک کی، رات میں یہ ہارن دیتے ہیں تو بندہ سوتے ہوئے اٹھ جائے اتنا زور دار ہارن ہوتا ہے ، اس روڈ سے ٹریفک ختم کرکے متبادل روڈ دیا جائے ۔ کمشنر نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سب بند کیا ہوا تھا اس وجہ سے اس روڈ پر اجازت دی تھی ، اب ہیوی ٹریفک کو نادرن بائی پاس پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس نےکہا کہ سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کیا جائے۔