کاغان ڈویلپمنٹ اتھارتی کے بورڈآف اتھارٹی کاپہلااجلاس

August 14, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی( کے ڈی اے) کے بورڈ آف اٹھارٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کے روز کمشنر ہاؤس میںکمشنر ہزارہ ڈویژن ریاض خان محسود کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کے ڈی اے کے علاقہ میں ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا اور سرکاری اراضی پر تعمیر کی گئی تجاوزات ہٹانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ۔اجلاس میں کے ڈی اے کے بورڈ آف اتھارٹی کے چیئرمین کے لیے ڈاکٹر ایمل زمان کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا جبکہ زاہد ادریس مفتی، صاحبزادہ محمد شعیب اور محمد صدیق سمیت اتھارٹی کے ارکان، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد آصف اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری سیاحت محمد عابد مجید نے بھی پشاور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کاغان ،ناران، بالاکوٹ اور شوگران سمیت کے ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آنیوالے علاقوں میں بنیادی وسیاحتی سہولیات اور تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس بارے میں اہم فیصلے کئے گئے۔ ڈائریکٹرجنرل کے ڈی اے نے اجلاس کو اتھارٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں تجاوزات ہٹانے کے لیے کے ڈی اے ،ضلعی انتظامیہ مانسہرہ ، محکمہ آبپاشی ،ای پی اے اور این ایچ اے کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو تمام تجاوزات کی مکمل نشاندہی کر کے20 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کے بعد تجاوزات ہٹانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔