شاہد آفریدی نے گھر پر یوم آزادی کیسے منایا؟

August 14, 2020

شاہد خان آفریدی نے جشن آزادی اپنے گھر میں منایا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گھر پر فیملی کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا وی لاگ شیئر کیا جس میں انہوں نے بچپن سے لے کر اب تک کے منائے گئے جشن آزادی کے حوالے سے بات چیت کی۔

وی لاگ میں شاہد آفریدی کی بیٹی نے اجواہ اور اسمارہ نے ملی نغمہ بھی گایا اور بچپن کی خوشگوار یادیں شیئر کیں۔

انہوں نے اپنے وی لاگ میں گھر کی تعلیم و تربیت پر بھی بات کی اور کہا کہ باہر کی ڈگریوں کی اہمیت اپنی جگہ لیکن گھر کی تربیت معنی رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 14 اگست کے حوالے سے اپنے بچوں کو لازمی آگاہی دینی چاہئے، قائد اعظم کی کوششوں اور کاوشوں اور بزرگوں کی قربانیوں کا اپنی نئی نسل کو ضرور بتانا چاہئے۔

وی لاگ میں شاہد آفریدی کی بیٹی اسمارہ نے والد سے سوال بھی کئے، جس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اسکول سجانا، اسکول میں جھنڈے لگانا بہت پسند تھا لیکن وہ 14 اگست کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات میں حصہ نہیں لیتے تھے۔

10 منٹ اور 42 سیکنڈ پر مبنی وی لاگ کو 10 گھنٹے میں تقریباً ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ سابق کپتان نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے گھر پر ناصرف پاکستان کا جھنڈا لگایا بلکہ بھارت کے زیر انتظام جموں اور کشمیر، ترکی اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان ممالک کا جھنڈا بھی لگایا ہے۔