کراچی میں جشن آزادی کی رونقیں عروج پر

August 14, 2020

ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی آزادی کا جشن پوری آن، بان اور شان سے منایا جارہا ہے۔

ہرطرف سبز ہلالی پرچم لہرارہے ہیں، ریلیاں نکل رہی ہیں، قومی نغمے گونج رہے ہیں اور بڑے اور بچے جشن آزادی پر سجائے گئے مختلف مقامات پر جمع ہیں۔

کراچی کی شاہراہوں پر بہت گہما گہمی ہے، شہر کے بیشتر مقامات پر آزادی کے دن کی مناسبت سے رونقیں عروج پر ہیں۔

کہیں کہیں ان مقامات کے پورٹریٹ آویزاں ہیں جو ملک کی پہچان ہیں، جو دل کشی بڑھارہے ہیں تو کہیں لہراتے، لہلہاتے قومی پرچم اپنی بہار دکھارہے ہیں۔

پورے شہر کی فضا جشن آزادی کی خوشیوں سے معمور ہے، چھوٹا ہو یا بڑا ہر کوئی وطن سے اپنی محبت کا اظہار کر رہا ہے۔

کسی نے فیس پینٹنگ کروا رکھی ہے تو کسی نے اپنے دل کے قریب پرچم لگا رکھا ہے، گلی کوچوں میں ملی نغمے بھی بھرپور جوش و خروش سے بجائے جارہے ہیں۔

سرکاری دفاتر پر بھی سبز پرچم لہرا رہا ہے، اور ہر دل کی صرف ایک ہی آواز ہے، دل دل پاکستان، میرا ایمان پاکستان۔