اسرائیل، یو اے ای معاہدے کے دور رس مضمرات ہوں گے، دفتر خارجہ

August 14, 2020


پاکستان کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے دور رس مضمرات ہوں گے، پاکستان نے ہمیشہ یو این، او آئی سی قراردادوں اور عالمی قوانین کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان معاہدے کے دور رس مضمرات ہوں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کی مکمل بحالی کے لیے پرعزم ہے، فلسطینیوں کے حقوق میں ان کی خود مختاری کا حق شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام پاکستان کی اہم ترجیح ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے انصاف پر مبنی جامع اور پائیدار امن کے لیے ہمیشہ یو این، او آئی سی قرار دادوں اور عالمی قوانین کے تحت مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے، ہماری اپروج اس بنیاد پر ہوگی کہ فلسطینیوں کے حقوق اور خواہشات کو کیسے برقرار رکھا جاتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جائزہ لے گا کہ خطے کے امن اور سیکیورٹی اور استحکام کو کیسے برقرار رکھا جاتا ہے۔