برسلز: سفارتخانہ پاکستان میں یوم آزادی کی تقریب و پرچم کشائی

August 14, 2020

پاکستان کے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔

اس موقع پر بیلجیئم لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے قومی پرچم لہرایا۔ بیلجیئم میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث میزبان حکومت کی جانب سے تقریبات کیلئے پابندیوں کے تحت منعقد کی جانے والی اس تقریب کو صرف سفارت خانے کے اسٹاف تک محدود رکھا گیا تھا۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے پریس قونصلر داؤد احتشام اور فرسٹ سیکرٹری علی ستار نے بالترتیب صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

اعلامیے کے مطابق اس موقع پر سفیر پاکستان نے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، جن کی جدوجہد کے ذریعے خطے کے مسلمانوں کو ایک الگ وطن نصیب ہوا۔ جہاں وہ اپنے مذہبی اور سماجی اصولوں کے مطابق اپنی قومی امنگوں کو بروئے کار لانے کے قابل ہو سکے۔

اسی کے ساتھ ہی انہوں نے بیلجیئم میں بسنے والے پاکستانیوں کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ یہاں سے حاصل تجربات کی روشنی میں اپنے آبائی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔