جشن آزادی: خیبر میں3ہزار پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا

August 14, 2020

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں آزادی کا جشن منایا گیا، ہر طرف خوشیاں ہی خوشیاں تھیں، پرچم کشائی کی گئی، سائرن بجائے گئے ، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

خیبرپختونخوا کے علاقے خیبر میں یوم آزادی کی خوشی میں 3ہزار پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا، دوسری طر ف مظفرگڑھ میں وطن سے محبت کے اظہار کے لیے شہری نے170 فٹ لمبا اور 40 فٹ چوڑا قومی پرچم تیار کیا۔

زندہ قومیں اپنا یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے مناتی ہیں، یوم آزادی کے موقع پر مادر وطن کا چپہ چپہ قومی ترانے سے گونج اٹھا، ہرطرف سبز پرچموں کی بہار آگئی، ملک سے تجدید عہد وفا کیا گیا، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، رحیم یارخان، جھنگ، بہاولپور اور سرگودھا، ڈیرہ غازی خان سمیت تمام شہروں میں پرچم کشائی کی گئی۔

لودھراں میں دیہاتیوں نے ٹریکٹر ٹرالیوں کی ریلی نکالی تو حیدرآباد میں ضلعی انتظامیہ نے طویل پرچم کی تقریب رونمائی کی۔

لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، دادو، ٹنڈو محمد خان، جیکب آباد، شکار پور، سانگھڑ، نوابشاہ، بدین اور ٹھٹھہ میں قومی ترانے کی گونج میں پرچم کشائی کی گئی۔

بلوچستان میں یوم آزادی کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، پرچم کشائی کی گئی، بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔

چمن، زیارت، نصیرآباد، حب، خضدار، مستونگ، نوکنڈی، چاغی، ہرنائی، سبی، پنجگور، تفتان، دکی، نوشکی، خاران، قلات سمیت صوبہ بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔

خیبرپختونخوا میں سوات، لوئردیر، ڈی آئی خان، پاراچنار، ٹانک، بنوں، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ،صوابی اور چارسدہ میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

جشن آزادی پاکستان کے موقع پر ریاست جموں کشمیر کے آزاد خطہ میں بھی جشن کا سماں ہے، مظفرآباد میں ایون صدر آزاد کشمیر میں صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے پرچم کشائی کی جبکہ آزادی چوک میں پاکستانی افواج کے حق ریلی بھی نکالی۔

گلگت، ہنزہ، استور، غذر اور اسکردو سمیت پورے گلگت بلتستان میں یوم آزادی قومی جذبے کیساتھ منایاگیا۔