ساؤتھمپٹن ٹیسٹ : دوسرے روز پاکستان 9وکٹوں پر 223 رنز

August 14, 2020

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی نصف سنچری اور بارش نے پاکستانی ٹیم کو تباہی سے بچالیا، انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم 9 وکٹ پر 223رنز اسکو ر کرنے میں کامیاب رہی، محمد رضوان 60 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

ساؤتھمپٹن میں ٹیسٹ کے دوسرے روز کا آغاز بارش اور خراب روشنی کے سبب تاخیر سے ہوا، پاکستان نے 126 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ بیٹنگ شروع کی، 25 رنز پر ناقابل شکست رہنے والے بابر اعظم انفرادی اسکور میں مزید 22رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے۔

ایک اینڈ پر محمد رضوان انگلش بولرز کے سامنے ڈٹے رہے، اس دوران یاسر شاہ پانچ، شاہین آفریدی صفر اور محمد عباس دو رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری 104 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے بنائی، پورے دن کے کھیل میں صرف چالیس اعشاریہ دو اوورز کا کھیل ہوسکا جس میں پاکستان نے 9 وکٹ پر 223 رنز بنالیے، رضوان 60 اور نسیم شاہ ایک رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

انگلینڈ کی طرف سے اینڈرسن اور براڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

اننگز کے بعد محمد رضوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کی وکٹ کے بعد مجھ پر اور ذمہ داری بڑھ گئی تھی، ساؤتھمپٹن میں کنڈیشنز سیمنگ ہے، ہمارے فاسٹ بولرز کو مدد ملے گی۔

محمد رضوان نے کہا کہ بورڈ پر اچھے رنز لگ چکے ہیں، بولرز کو مدد ملے گی، جبکہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کافی دلیرانہ تھا۔

انہوںنے کہا کہ 30 سے 40 رنز اور بنالیے تو مقابلہ تگڑا ہوگا، بارش کے گیپ میں یونس خان اور مصباح الحق سے مشورے لیے۔