ساؤتھمپٹن ٹیسٹ، رضوان نے پاکستانی بیٹنگ کو تباہی سے بچا لیا، 9 وکٹ پر 223 رنز

August 15, 2020

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ،پاکستان کے9 وکٹ پر 223 رنز

ساؤتھمپٹن (جنگ نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرےٹیسٹ کادوسرا دن بھی بارش کے سبب مکمل نہ ہوسکا۔ کھیل دوسرے روز بھی تاخیر سے شروع ہوا اور افتتاحی روز کی طرح جلد ختم بھی کردیا گیا۔ محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بیٹنگ لائن کی کچھ حد تک لاج رکھی، ان کی ففٹی کی بدولت پاکستان نے 9وکٹوں کے نقصان پر 223رنز بنالیے ہیں۔ کھیل ختم ہونے پر وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ نسیم شاہ نے ایک رن بنایا تھا۔ خراب روشنی کی وجہ سے پورے دن میں صرف 40.2 اوورز ہوسکے۔ دوسرے روز بارش، خراب آئوٹ فیلڈ اور کم روشنی کی وجہ سے میچ ایک گھنٹہ 30 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، کھانے کا وقفہ آدھا گھنٹہ آگے کرکے پہلے سیشن میں ایک گھنٹہ کا کھیل یقینی بنایا گیا۔ اس سے قبل گرین کیپس نے 126 رنز پرپانچ وکٹ پر نامکمل اننگز شروع کی۔ بابر اور رضوان وکٹ پر موجود تھے،بابر اعظم سے بیٹنگ کو سہارا دینے کی امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ 47 رنز بنا کر اسٹیورٹ براڈ کی گیند پر کیچ ہو گئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے۔ محمد عباس نے وکٹ پر کافی قیام کیا اور رضوان کا ساتھ تاہم وہ دو رنز بنانے کے بعد براڈ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ پاکستان کی اننگز 200 سے قبل تمام ہوجائے گی لیکن محمد رضوان نےچارج سنھال لیا اور تیزی سے بیٹنگ کی۔ چائے کے وقفہ تک انہوں نے اپنی دوسری نصف سنچری بھی مکمل کی۔ یاسر شاہ ٹوٹل میںصرف پانچ رنز کا اضافہ کرسکے۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایس ایم کرن اور ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے پہلے روز بھی صرف 46 اوورز ہی کروائے جاسکےتھے جبکہ ہفتے کو وقفے وقفے سے بارش کا ا مکان ہے۔