پاکستان کے یوم آزادی پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، طارق وزیر

August 15, 2020

مانچسٹر (نمائندہ جنگ)پاکستانی قونصل جنرل مانچسٹر میں پاکستان کے 73 ویں یوم آزادی کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قونصل جنرل آفس میں خدمات سرانجام دینے والے افراد کے ساتھ نادرا کی ٹیم نے شرکت کی ۔ مانچسٹر میں تعینات نئے قونصل جنرل طارق وزیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مسز فضہ نیازی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا پیغام جب کہ کمیونٹی ویلفیئر کمرشل اتاشی محمد اختر نے صدر پاکستان عارف علوی کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل طارق وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے کےمشکل حالات سے گزر رہی ہے اس وجہ سے تقریب کو روایتی جوش و جذبہ سے نہیں منا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو بھارتی سرکار کے ظلم و تشدد کا بدترین شکار ہیں ہم ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں جلد ہی کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ پاکستان عالمی سطح پر کشمیری قوم کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم اس مسئلہ کو ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے ۔ قونصل جنرل طارق وزیر نے سٹاف کےساتھ مل کر پرچم کشائی کی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی ۔ قونصل جنرل طارق وزیر نے گریٹر مانچسٹر میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی پاکستان کی تقاریب گھروں میں منعقد کرنے کو کہا تاکہ نوجوان نسل کو آباؤ اجداد کی پاکستان حاصل کرنے کے لیے دی گئی قربانیوں کےبارے میں آگاہی ہو سکے ۔