ٹرمپ نے کملاہیریس کی نامزدگی کو ہولناک قرار دیدیا

August 15, 2020

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نامزد نائب صدر کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا اور اس نامزدگی کو امریکہ کے لئے ہولناک قرار دیا ہے ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کملا ہیریس جب خود صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل تھیں تو ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں مختلف ذرائع ابلاغ سے وابستہ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کملا ہیریس امریکی سینیٹ کی سب سے جارح مزاج رکن ہیں اور حیرت ہے کہ جو بائیڈن نے انہیں نائب کیسے چن لیا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس بریٹ کیواناگ کی توثیق کے موقع پر بھی کملا نے انتہائی بے ادبی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ادھر تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی سیاہ فام خاتون امیدوار کے ذریعے سیاہ فام شہریوں میں مقبولیت حاصل کرکے اپنا ووٹ بینک بڑھانا چاہتی ہے۔ اس سے قبل کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی سینیٹر کملا ہیریس کا انتخاب کر کے جو بائیڈن نے سیاہ فام ووٹرز کی اہمیت کا اعتراف کیا تھا، جو اُن کے نزدیک صدر ٹرمپ کو شکست دینے کے لیے اہم ہو سکتے ہیں۔