اوپن کچن فلاح وبہبود کا منصوبہ ہے، سید لخت حسنین

August 15, 2020

لندن(ودود مشتاق)اوپن کچن کے ذریعے نہ صرف اسلام کا اصل چہرہ سامنے آرہا ہے بلکہ ملک کے مفید شہری بننے میں بھی معاون ثابت ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی فلاحی تنظیم مسلم ہینڈ کے سربراہ سید لخت حسنین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈ تنظیم افریقہ، آسٹریلیا اور امریکہ سمیت دنیا کے 55مالک میں 20سال سے خدمات سرانجام دے رہی ہے اور تنظیم کا مقبول منصوبہ اوپن کچن کے ذریعے مستحق اور بےگھر لوگوں کی نہ صرف فلاح وبہبود بلکہ ا ن کو زندگی کی ڈگرپر واپس لانے کےلئے عملی اقدامات کرنا ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کے وفد کو تفصیلات سے آکاہ کرتے ہوئے کہا کہ اوپن کچن کے ذریعے لندن میں 33ہزار لوگ مستفید ہوئے اور ہم برطانیہ کے تین لاکھ بے گھر لوگوں تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس وقت دنیا کے 55ممالک میں انسانی فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں اور اگلے رمضان سے قبل امریکہ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں شاخیں قائم کردی جائیں گی۔ اس منصوبے کے ذریعے خوراک کے علاوہ لوگوں کی کونسلنگ اور انہیں زندگی کی ڈگر پر بحال کرنے کے بھی منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال مسلم ہینڈ نے پاکستان سمیت 25ممالک میں 55 ہزار جانور قربان کرکے فی خاندان تین کلو گوشت تقسیم کیا اور اس طرح کے منصوبوں کو بلا امتیاز ہر سطح پر پھیلایا جا رہا ہے۔