پاکستانی کمپنی نے فرانس میں’’ کرکٹ بیٹ‘‘ کابرانڈ لانچ کردیا

August 15, 2020

پیرس ( نمائندہ جنگ) فرانس میں ایک اسپورٹس کے سامان کی پاکستانی کمپنی یورو کنگ اسپورٹس نے ’’سفیر‘‘ کے نام سے کرکٹ کے بلے کا نیا برانڈ لانچ کیا ہے۔پاکستانی ایمبیسی میں منعقدہ لانچنگ تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو امجد سندھو نے قائمقام سفیر پاکستان قاضی امجد عزیز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمرشل کونسلر معین وانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پربرانڈ متعارف کروانے پر کمپنی کی تعریف کی گئی جو پاکستانی عوام کو سب سے زیادہ پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے فرانس اور مین لینڈ یورپ میں بھی کرکٹ کو مقبول بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی کھیلوں کے سامان کی منڈی میں پاکستانی کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔ امجدسندھو نے بتایا کہ کرکٹ بیٹ کے علاوہ ان کی کمپنی نے ٹینس بال سے کھیلنے والا کرکٹ بیٹ بھی متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مین لینڈ یورپ کا یہ پہلا کرکٹ برانڈ ہے جس کے لئے پاکستان کا لوگو استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرانس ، آسٹریا ، جرمنی ، اٹلی ، اسپین ، ہالینڈ اور بلجیم جیسے یورپی ممالک میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ صرف فرانس میں ایسوسی ایشن فرینکائز ڈی کرکٹ (فرانسیسی کرکٹ ایسوسی ایشن) کے ساتھ رجسٹرڈ تقریبا 35 کرکٹ کلب موجود ہیں۔ مقامی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان ، سری لنکا ، افغانستان اور بنگلہ دیش کے تارکین وطن بھی ان کلب ٹیموں کے ممبر ہیں۔ پاکستانی سفارت خانہ فرانس نے جناح ٹرافی کے نام سے فرانس میں سالانہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا۔