قومی ادارہ برائے امراضِ قلب حیدرآباد کی نئی عمارت میں علاج کی سہولتوں کا آغاز

August 15, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب نے حکومتِ سندھ کے اشتراک سے این آئی سی وی ڈی حیدرآباد کی نئی عمارت قاسم آباد، وادھو واہ روڈ پرعلاج کی سہولتوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کی بدولت صوبہ سندھ کی عوام کو انہی کی دہلیز پر امراضِ قلب کا جدید و معیاری علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے، قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کراچی سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے این آئی سی وی ڈی حیدرآباد کی نئی عمارت کی سافٹ اوپننگ 14 اگست کو کی۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی حیدرآباد صوبہ سندھ کی خدمت کے لئے ایک اور سنگِ میل ہے، جس کے تحت دل کی صحت کی دیکھ بھال کی معیاری سہولتوں تک فوری و آسان رسائی بالکل مفت ممکن ہوگی، این آئی سی وی ڈی حیدرآباد بین الاقوامی سطح کی کارڈیک سہولتوں سے آراستہ ہے، جن میں 24/7 کارڈیک ایمرجنسی، پرائمری پی سی آئی، انجیوپلاسٹی، انجیوگرافی، ایکو کارڈیوگرافی، بچوں اور بڑوں میں امرضِ قلب کا علاج، داخلہ، کلینکس، الیکٹروفزیالوجی اور دیگر سہولتیں شامل ہیں، کارڈیک سرجری کی سہولت بھی جلدشروع کی جائے گی، ہمارے وژن اور کاوشوں کا مقصد عوام النا س کو اپنے گھروں کے قریب ہی امراضِ قلب کے بہترین علاج کی فراہمی ہے تاکہ مریضوں کی منتقلی کے دوران ضائع ہونے والے وقت کو کم کیا جاسکے تاکہ زیادہ سے زیاد ہ مریضوں کی زندگیاں بچائی جاسکے، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی جانب سے این آئی سی وی ڈی حیدرآباد کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح بعد میں کیا جائے گا۔