ﷲ کے بعد کشمیری عوام پاکستان کے طرف دیکھتے ہیں، مشعال ملک

August 15, 2020

ﷲ کے بعد کشمیری عوام پاکستان کے طرف دیکھتے ہیں، مشعال ملک

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینیٹر فیصل جاوید نے جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ تنقیدکرنیوالے تنقیدکرتے رہینگے پاکستان عمران خان کی قیادت میں ترقی کریگا،اہلیہ یاسین ملک مشعال ملک نے کہا کہ ﷲ کے بعد کشمیری عوام پاکستان کے طرف دیکھتے ہیں، سربراہ پاکستان برابری پارٹی جواد احمد نے کہا کہ پاکستان کی اکثریتی آبادی کی حالت بہت بُری ہے۔اہلیہ یاسین ملک مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کی جدو جہد کئی دہائیوں سے جاری کئے ہوئے ہے اور کشمیری عوام پاکستان کے لئے نیک تمناوٴں کااظہار کرتے ہیں اور ﷲ کے بعد کشمیری عوام پاکستان کے طرف دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں بغاوت جنم لے چکی ہے اوربھارت کی مختلف اسٹیٹ بغاوت کا علم بھی بلند کر چکی ہیں اورعالمی سطح پر انڈیا کی طرف پریشر بڑھتا جا رہا ہے اوراقوام متحدہ میں ہنگامی بنیاد پر کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کے حوالے سے ایک قرار داد چلنی چاہئے ۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جب پاکستان میں ہماری حکومت کا قیام ہوا تو سارے ادارے نقصان میں تھے ڈالر میں آمدنی اور اخراجات کا نقصان بیس بلین ڈالر تک تھا پہلے دو سال میں جو اقدامات کئے اُس سے اگلے تین سال بہترین دیکھنے میں آئیں گے اور حکومت کی پہلی ترجیح رہی کہ غریب اور متوسط طبقے کو بااختیار اور اُن کی بہتری کے لئے کام کیا جائے اورکورونا کے حوالے سے اقدامات کا بھی پوری دنیا معترف ہے ماضی میں پچاس سالہ تاریخ میں ڈیمز کی تعمیر سے متعلق کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تحریک انصاف کی حکومت نے دوڈیمز پر کام کا آغاز کردیا ہے تنقید کرنے والے تنقید کر تے رہیں گے پاکستان عمران خان کی قیادت میں ترقی کرے گا اور عام آدمی تک تمام تر کئے گئے اقدامات کے مثبت اثرات پہنچیں گے ۔پاکستانی عوام، پاکستانی میڈیا ، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے اورپاکستان حکومت کی سفارتکاری کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے ایشو میں دوبارہ جان ڈال دیاور وہ وقت دو ر نہیں کہ جب کشمیر بنے گا پاکستان۔ سربراہ پاکستان برابری پارٹی جواد احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے نزدیک ترقی کے جو اشارے ہوتے ہیں وہ یہ کہ عام آدمی کی زندگی پرکیا فرق پڑ رہاہے کیا تمام بنیادی ضروریات عوام تک پہنچ رہیں یانہیں۔ تنخواہ دار طبقے کے مسائل بڑھے ہیں یا کم ہوئے ہیں اور اِس حوالے سے پاکستان کی اکثریتی آبادی کی حالت بہت بُری ہے تقریر یں تو کردی جاتی ہیں لیکن عملدر آمد نہیں ہو پاتا اور حکمران گزرتے وقت کے ساتھ کئے گئے وعدے بھول جاتے ہیں جو انہوں نے اقتدار میں آنے سے پہلے کئے ہوتے ہیں۔ کراٹے چیمپئن کلثوم ہزارہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراٹے کھیل میں بہت کم لڑکیاں حصہ لیتی ہیں کیوں کہ یہ سوچ جنم لے چکی ہے اس کھیل سے حوالے سے کہ اس کھیل سے لڑکیوں کو نقصان پہنچتا ہے اور میری تمام لڑکیوں سے گزارش ہے کہ وہ کراٹے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے دفاع کو مضبوط بنائیں اور حال ہی میں لڑکیوں نے کراٹے میں سب سے زیادہ میڈلز حاصل کئے ہیں۔