پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس،تعمیراتی کام آغاز سے ہی تنازع کا شکار

August 15, 2020

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر، نیوز رپورٹر) سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے در میان کوآرڈی نیشن کے فقدان کی وجہ سے عوامی دلچسپی کا ایم ترقیاتی منصوبہ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس تعمیراتی کام کے آ غا ز سے پہلے ہی تنازعہ کا شکار ہوگیا ۔ سی ڈی اے نے پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کی تعمیر کا ٹھیکہ دیدیا ہے مگرلیٹر آف سٹارٹ نہ ملنے اور ایگریمنٹ پر دستخط نہ ہونے کے باعث ابھی تک کام شروع نہیں ہوا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس ، کورنگ پل کی توسیع او راول ڈیم انٹر چینج کے تعمیراتی کام کا افتتاح کیا تھا لیکن عملی صورتحال یہ ہے کہ ابھی تک راول ڈیم پراجیکٹ کی ماحولیاتی تحفظ کی رپورٹ کلیئر نہیں ہوئی ۔ تعمیراتی فرم کو موبلائزیشن ایڈ وانس ادا نہیں کیا گیا۔ ایگریمنٹ کا پرا سیس زیر عمل ہے۔ اس دوران یہ حیران کن کام ہوا ہے کہ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کے سامنے واقع ایک نجی مال کے مالک کو ڈ ائریکٹر انوائرمنٹ ایم سی آئی نے سی ڈی اے کی اراضی کو بطور پارک ڈویلپ کرنے کی اجازت دیدی حالانکہ یہ رائٹ آف وے ہے اور پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کے انجینئرنگ ڈیزائن کا حصہ ہے۔ نجی مال کے مالک نے وہاں سر کاری اراضی پر نہ صرف پارک بنالیا بلکہ دیوار کی تعمیر شروع کردی جس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر روڈز نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ کو خط لکھ دیا ہے کہ دیوار گرانے اور سی ڈی اے اراضی کو واگزار کرانے کیلئے فوری آپریشن شروع کیا جا ئے ۔ ایک جانب وزیر اعظم سر کاری اراضی کو قبضہ گروپ سے واگزار کرانے کی ہدایت کر رہے ہیں دوسری جانب ایم سی آئی اور سی ڈی اے کی ملی بھگت سے سی ڈی اراضی کو ذاتی تصرف میں دیاجا رہا ہے ۔