یونیورسٹی فیسوں میں رعائت کیلئے والدین کی وزیراعظم پورٹل پر اپیل

August 15, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے والدین نے کورونا لاک ڈا ئون کی وجہ سے درپیش معاشی مسائل کے باعث فیسوں کی معافی یا 50فیصد کمی اور ٹیکس چھوٹ کیلئے وزیراعظم کے پورٹل پر بھی داد رسی کی اپیلیں کرنا شروع کر دیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ کورونا لاک ڈائون کے دوران آن لائن لیکچر بھجوا کر رواں سمسٹر کی فیس وصول کرنے والی جامعات کی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ آئندہ سمسٹر کی فیسوں میں کم از کم پچاس فیصد رعایت دی جائے اور حکومت بھی ان فیسوں پر عائد ٹیکس کو فوری طور پر مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کا اعلان کرے کیونکہ اب نئے سمسٹر کیلئے فیسوں کے وائو چر بھی بھجوائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے میں تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور اس کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ والدین اپنا پیٹ کاٹ کر بچوں کو اعلٰی تعلیم دلوا رہے ہیں تو ایسے میں ان کی فیسوں پر ٹیکس کا نفاذ انتہائی ظالمانہ اور غیرمنصفانہ اقدام ہے، والدین کا کہنا ہے کہ ایک طرف ہر بچے کو تعلیم کی مفت فراہمی کے وعدے اور دوسری طرف فیسوں پر ٹیکسز کا نفاذ دو متضاد باتیں ہیں لہذا وزیراعظم عمران خان کو ذاتی طور پر اس تضاد کا نوٹس لینا چاہئے۔