رضوان نے بہادری سے انگلینڈ کے بالنگ اٹیک کا مقابلہ کیا، رمیز راجہ

August 15, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں محمد رضوان کی بیٹنگ کی تعریف کی ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رمیز راجہ نے لکھا کہ محمد رضوان نے بہادری کے ساتھ انگلینڈ کے بالنگ اٹیک کا مقابلہ کیا اور وہ پاکستان ٹیم کو واپس ٹریک پر لائے۔

رمیز راجہ نے لکھا کہ رضوان نے تکنیکی طور پر اچھی بیٹنگ کی اور سنگلز نہ لے کر ٹیل اینڈرز کو بھی بچایا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن 9 وکٹ پر 223 رنز بنالئے ہیں۔ محمد رضوان 60 اور نسیم شاہ 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں بارش اور خراب روشنی کے باعث اب تک دو دنوں کے دوران صرف 86 اوورز کا ہی کھیل ہوا ہے۔