آن لائن تعلیم میں مددگار ایپس

August 16, 2020

ایک تخمینے کے مطابق، کورونا وائرس کے خطرات کے باعث دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب بچے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں اور تعلیم آن لائن ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران آپ اپنے بچے کے تعلیمی سفر کو جاری و ساری رکھنے کے لیے کون سی ایپلی کیشنز استعمال کرسکتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔ آپ صرف آن لائن کلاس کی ایپس کو ڈاؤن لوڈ کریں اور فری کلاسز شروع کردیں۔

Zoom(زو م)

لاک ڈاؤن میں اکثر تعلیمی ادارے اپنے بچوں کو زوم ایپلی کیشن کے ذریعے آن لائن تعلیم دے رہے ہیں۔ زوم آپ کے موبائل، لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر پر مفت میں آسانی سے ڈاؤن لوڈ ہوجانے والی ایپلی کیشن ہے، جہاں اسکول یا ہوسٹ مقرر کردہ وقت پر ایک میٹنگ کال کرتا ہے اور میٹنگ میں شرکت کے لیے لاگ اِن آئی ڈی اور پاس ورڈ طلبا کے ساتھ شیئر کرتا ہے۔

طلبا بھی اپنی ڈیوائس پر زوم ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد وہاں ای میل آئی ڈی کی مدد سے اپنا اکاؤنٹ بناتے ہیں۔ اکاؤنٹ بنانے کے بعد طلبا جوائن میٹنگ کے ذریعے اسکول کی جانب سے فراہم کردہ لاگ اِن آئی ڈی اور پاس ورڈ کی مدد سے کلاس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ زوم ایک طاقتور کلاؤڈ ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارم ہے، جہاں آن لائن کلاس یا میٹنگ میں بیک وقت سیکڑوں افراد شرکت کرسکتے ہیں۔

Seesaw(سی سا)

Seesaw ایک ایسا تعلیمی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جس کی مدد سے طلبا کلاس میں جو چیزیں سیکھتے ہیں انھیں اپنے طور پر اس پلیٹ فارم پر دستاویزی بناسکتے ہیں۔Seesaw ایپ، کسی بھی ڈیوائس پر استعمال کی جاسکتی ہے۔ اندازہ ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت یہ ایپ دو لاکھ سے زائد اسکولوں میں آن لائن تعلیم کے لیے استعمال ہورہی ہے، جبکہ امریکا میں یہ شرح پچاس فی صد ہے یعنی امریکا میں ہر دو اسکولوں میں سے ایک اسکول میں یہ ایپ استعمال کی جارہی ہے۔

اس ایپ پر طلبا اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا ایک پورٹ فولیو بناسکتے ہیں، جسے وہ فخریہ طور پر دوسروں کو دِکھا سکتے ہیں۔ اس لحاظ سے،Seesaw کو ہم ایک اسٹوڈنٹ پورٹ فولیو ایپ کا نام دے سکتے ہیں۔ Seesaw کو دنیا بھر میں ایک بہترین تعلیمی ایپ تسلیم کیا جاتا ہے اور یہ ایپ کئی بین الاقوامی تعلیمی اداروں اور تنظیموں کی جانب سے ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔

گوگل کلاس روم

گوگل کلاس روم ایپ کے ذریعے اساتذہ اپنے طلبا کو اسائنمنٹ دینے کے علاوہ ان کے اسائنمنٹس کو گریڈ بھی کرسکتے ہیں۔ مزید برآں، آپ گوگل ڈرائیو کے ذریعے اپنے طلبا کے ساتھ رابطہ بھی کرسکتے ہیں، اناؤنسمنٹ یا ڈسکشن کے ذریعے۔

Remind(ریمائنڈ)

اس ایپ نے اساتذہ کے لیے اس بات کو آسان بنادیا ہے کہ وہ اپنے طلبا اور ان کے والدین سے کلاس روم کے باہر ریئل ٹائم میں رابطہ قائم کرسکیں۔ اس میںاساتذہ کلاس اناؤنسمنٹ اور گروپ چیٹ شروع کرسکتے ہیں، جبکہ ایپ کے اندر آپ لوگوں سے علیحدہ سے بھی رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔

اس ایپ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں انگریزی زبان کا 90 مختلف زبانوں میں ترجمہ بھی ہوسکتا ہے۔ آپ کے پیغامات فائلوں، تصاویر اور لِنکس کی صورت میں ہوسکتے ہیں۔

Classtree(کلاس ٹری)

طلبا کی فیلڈ ٹرپ کے لیے والدین سے اجازت نامہ کا فارم حاصل کرنا ایک مشکل طلب کام ہوتا ہے۔ تاہم کلاس ٹری نے یہ کام آسان اور ’پیپرلیس‘ بنادیا ہے۔ کلاس روم میں اسکول انتظامیہ یا ٹیچر کوئی بھی کاغذ اٹیچ کرسکتی ہے، جسے پڑھنے کے بعد والدین e-signکرکے واپس بھیج سکتے ہیں۔ ایپ میں والدین اضافی سوالات بھی پوچھ سکتے ہیں۔

Slack(سلیک)

صرف کاروباری ادارے ہی اپنے ملازمین کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھنے کے لیے Slack استعمال نہیں کرتے بلکہ اسکول کے بعد بھی ایک دوسرے سے جڑے رہنے کے لیے پروفیسر اور کالج طلبا بھی اس کا استعمال بڑھا رہے ہیں۔ اس ایپ پر ناصرف ٹیکسٹ پیغامات بھیجے جاسکتے ہیں بلکہ اس میں اہم واقعات جیسے میٹنگز وغیرہ کی یاددہانی بھی کروائی جاتی ہے۔

Dropbox (ڈراپ باکس)

پریزنٹیشن فوٹوز، اسائنٹمنٹس، ویڈیوز یا کوئی بھی چیز جسے آپ کلاس روم میں یا گھر پر دیکھنا چاہیں، آپ ان تمام چیزوں کو ڈراپ باکس پر بآسانی اَپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس ایپ کی مدد سے آپ اپنے موبائل فون پر مائکروسوفٹ آفس کی فائلیں بناکر اور ایڈیٹ کرکے ان کے لِنک اپنے طلبا کے ساتھ شیئر کرسکتے ہیں۔

ClassDojo (کلاس ڈوجو)

ClassDojoآپ کا کوئی عام سا کلاس روم مینجمنٹ پلیٹ فارم نہیں ہے۔ اس ایپ کے ذریعے کلاس ٹیچر اپنے طلبا کو فیڈ بیک دینے کے علاوہ ان کے والدین کو بچے کی تعلیمی پیشرفت کے حوالے سے علیحدہ سے میسیجز بھی ارسال کرسکتے ہیں، جسے والدین ریئل ٹائم میں پڑھ سکتے ہیں۔