کلنری آرٹ میں کیریئر بنانے کے مواقع

August 16, 2020

جب بھی آپ ریموٹ سے ٹی وی چینلز بدلتے ہیں تو ان میں لازمی چند ایک چینلز کھانوں کی تراکیب اور پروگراموں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ان چینلز پر کھانوں کے اجزاء سے لے کر ان کی تیاری اور سجاوٹ تک شیف بہت مزےسے ناظرین کو معلومات فراہم کرتے ہوئے کھانا پکانا سکھاتا /سکھاتی ہے۔

وہ کہتے ہیں ناں کہ پہلے آنکھیںکھاتی ہیں، یعنی کھانے کو پہلے آنکھیں دیکھتی ہیں، اس کا رنگ او ر شکل من کو بھاتاہے تو اشتہا میں اضافہ ہوتاہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ریستوران میں ایسے انداز و اندام اور سجاوٹ سے کھانا پیش کیا جاتاہے کہ آپ کھانے سے پہلے ہی اسے تعریفی نظروں سے دیکھتے ہیں۔

کھانا بنانا اور اس کی سجاوٹ کلنری آرٹ کہلاتی ہے، جس میں کیریئر بنانے کا آپشن ناصرف بین الاقوامی سطح پر بلکہ پاکستان میں بھی موجود ہے۔ کلنری آرٹ میں بیکنگ اور پیسٹری شیف، کیٹرنگ، ایگزیکٹو شیف ، ذاتی شیف اور دیگر بہت کچھ شامل ہے۔ ان ملازمتوں میں سے کسی ایک میں دلچسپی رکھنے والے طلبا ملازمت کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے زیادہ تر نامی گرامی یونیورسٹیز سے ڈپلوما پروگرام مکمل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

تعلیم کے مواقع

پاکستان میں ایسے ادارے موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سند پیش کرتے ہیں۔ صرف کراچی میں ہی آپ کو تین انسٹیٹیوٹ ایسے ملیں گے جو کوکنگ اور مہمان نوازی کے انتظام کے لئے پروگرام پیش کرتے ہیں۔ آپ کسی بھی معتبر ادارے میں کلنری آرٹ اور شیف کی تعلیم حاصل کرکے اپنا مستقبل سنوارنے کی طرف قدم بڑھا سکتےہیں۔

بیکنگ اور پیسٹری آرٹ

بیکر یا پیسٹری شیف ریاستہائے متحدہ میں عام طور پر سالانہ 21سے 31ہزار امریکی ڈالر کے درمیان کمانے کی توقع کرسکتا ہے۔ پیسٹری شیفس کیلئے ملازمت کی نوعیت مختلف ہوسکتی ہے اور اس میںگروسری شاپس کیلئے پکا ہوا سامان تیار کرنا، کسی ریستوران یا محلے کی بیکری میں کام کرنا، یہاں تک کہ کسی گلیمرس اور اونچے درجے کے ریستوران میں کام کرنا شامل ہے۔

اس ملازمت کی ذمہ داریوں میں آرڈر تیار کرنا ، باورچی خانے کے عملے کی نگرانی کرنا، مختلف میٹھوں اور پیسٹریوں کو سجانا اور بیکڈ سامان تیار کرنا شامل ہے۔ پیسٹری شیف بننے میں دلچسپی رکھنے والے طلبا کو تخلیقی ہونا چاہئے اور ان کونت نئے ٹرینڈز اور جزئیات کے حوالےسے اچھی نگاہ رکھنا چاہئے۔

کیٹرنگ

کیٹرنگ میں ملازمتوں کے لئے تنخواہ اور تعلیمی تقاضے مختلف خصوصیات پر منحصر ہوتے ہیں۔ آپ کو کسی ٹریڈ اسکول سے ڈپلوما پروگرام، فوڈ سروس میں دو سالہ کالج ڈگری یا فیملی اور کنزیومر سائنس / ریستوران کے انتظام میں چار سالہ کالج ڈگری مکمل کرنے کی ضرورت ہوسکتی ہے۔ کیٹرنگ منیجر کی حیثیت سے کام کرنے کیلئےکسی طالب علم کو اس میں یا اس سے متعلقہ شعبے میں بیچلر کی ڈگری اور 2 سے 5 سال تک کا تجربہ درکار ہوسکتا ہے۔

ایک کیٹرنگ منیجر عام طور پر کسی کیٹرر یا کاروبار کے لئے پیش کردہ پروگراموں کی ہدایت دیتا یا انتظام کرتا ہے۔ کیٹرنگ منیجر عام طور پر کلائنٹس کے ساتھ معاہدوں پر بات چیت ، مینو کے انتخاب میں معاونت ، مقام اور سازوسامان کے انتظامات کے فرائض انجام دیتاہے۔ اس کے علاوہ کیٹرنگ عملہ کا شیڈول تیارکرنے اور صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے وہ صحیح اہلکاروں کا تعین بھی کرتاہے ۔

ایگزیکٹو شیف

ایک ایگزیکٹو شیف باورچی خانے کا انتظام سنبھالنے اور ہدایت دینے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ اس کی ذمہ داریوں میں مینو کا انتخاب ، سامان کی خریداری اور بجٹ کنٹرول شامل ہیں۔ ایگزیکٹو شیف مینو کو اَپ ڈیٹ کرتا اور ساتھ ہی نئی تراکیب بھی تیار کرتاہے۔ ایک ایگزیکٹو شیف مجموعی طور پر صارفین کے اطمینان کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ اس ملازمت کے لئے بیچلر ڈگری اور کم از کم 7 سال کا تجربہ درکار ہوسکتا ہے۔

ذاتی شیف

ذاتی شیف کی تنخواہ کلائنٹ، تجربہ ،ملازمت کی مارکیٹ اور ذاتی ترجیح پر منحصر ہے۔ ایک نجی شیف ایک ہی نجی آجر یا متعدد آجروں کے لئے کام کرسکتا ہے۔ عام طور پر ذاتی یا نجی شیف مہینے میں ایک یا دو بار گھروں آتے ہیں اور بڑی مقدار میں کھانا تیار کرکے چلے جاتے ہیں، جس کےبعد گھر والے اپنی سہولت کے مطابق کھانا گرم کرکے کھاتےرہتے ہیں۔ ذاتی شیف کی دیگر ذمہ داریوں میں کسی متمول نجی گھرانے میں ، بحری جہازوںپر یا نجی طیارے میں کھانا تیار کرنا شامل ہوسکتا ہے۔ جب کھانے کی بات آتی ہے تو ذاتی شیف کو اپنے کلائنٹ کی پسند اور ناپسند کے مطابق کھانا پکانا ضروری ہوتا ہے۔

یوٹیوب اور سوشل میڈیا

اگر آپ منفرد کھانے پکانے اور ان کی شاندار پریزنٹیشن دینے میںماہرہیں تو آپ ان کی ویڈیوز یوٹیوب پر اَپ لوڈ کرکے لاکھوں روپے کماسکتے ہیں، ساتھ ہی فیس بک اور انسٹا گرام پر اپنی نت نئی ڈشیز کو پروموٹ کرکے ہو م ڈیلوری بھی کرسکتے ہیں، اس طرحآپ کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ آج بھی پاکستان میں کئی لوگ یوٹیوب اور فیس بک کے ذریعے فوڈ پراڈکٹس فراہم کرکے نام اور پیسہ دونوں کما رہے ہیں۔