اِک قوسِ قزح ہے رقصاں...

August 23, 2020

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: فرح خان

ملبوسات: لاچاز بائے وسیم ملک

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت اَن گنت رنگوں کا ایک حسین امتزاج ہے کہ اگرصوبۂ سندھ کے ثقافتی رنگوں میںتیز گہرے رنگ نمایاں ہیں، توبلوچ قوم اپنی جرأت مندی کے ساتھ مخصوص رنگ و آہنگ کے سبب نمایاںہے۔اِسی طرح پختون قوم کا خاصّہ اگرمہمان نوازی اور وفاداری ہے، تو بناؤ سنگھار کے منفرد انداز بھی اس کلچر کا حصّہ ہیں۔رہی بات پانچ دریائوں کی سرزمین، پنجاب کی، تواس کی ثقافت بھی خُوب ہے کہ سرسوں پھولتے ہی میلے ٹھیلے سجنے لگتے ہیں۔

نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہیں، تو دوشیزائیں چوڑیوں کی جھنکار میں لوک گیت گاتی ہیں۔لیکن جب سے جدّت کے نام پر سادہ سی زندگی مشینی انداز میں ڈھلی ہے، ثقافتی رنگ ڈھنگ بھی دھیمے سے پڑ گئے ہیں ۔ اب نہ تو عمومی طور پر شادی بیاہ کے مواقع پرگِدے ڈالے جاتےہیں، نہ ہی رات ڈھلےچوپال میں میاں محمّد بخش، بلھے شاہ، غلام فرید اور وارث شاہ کا کلام سُنا جاتا ہے۔

حتیٰ کہ مخصوص پیراہن بھی صرف ثقافتی شو زکی حد تک رہ گئے ہیں اور اگرذکر ہو،صوبۂ پنجاب کے روایتی پیراہن کاتو یہ کہنا بجا ہوگا کہ ان کی شان ہی نرالی ہے۔عام طور پر مَرد گُھٹنوں تک لمبے گھیر دار کُرتے اور لُنگیاںزیبِ تن کرتے ہیں،جب کہ شانوں پر رومال کے ساتھ ایک بڑی سی چادرلٹکالی جاتی ہے، توخواتین کا خُوب صُورت اور مقبول ترین پہناوا لاچا ،کُرتا ہے،جب کہ پراندے کا استعمال توماضی کی طرح آج بھی مقبولِ عام ہے۔ اگرچہ اب وہ پُرانا دَور لوٹ کر نہیں آسکتا، مگر اس کی یاد تازہ کرنے کے لیے ہم نے آج اپنی بزم لاچوں، کُرتوں کےایک حسین سےانتخاب سے مرصّع کی ہے۔

ذرا دیکھیے توسیاہ ،سُرخ اور پیلے کے روایتی امتزاج میں ساٹن سِلک لاچے کے ساتھ جارجٹ فیبرک میں پیلے رنگ کا کام دار کُرتا کیسا حسین لگ رہا ہے،تو ساتھ نیلے،سُرخ آنچل اور سیاہ پراندے کا جلوہ بھی غضب ڈھا رہا ہے۔ایک دوسرے انداز میں اِسی لاچے کے ساتھ موتی اور ستارہ ورک سے آراستہ گہرے پیلے رنگ کی قمیص کی رعنائی بھی کچھ کم نہیں، تو روایتی پنکھی، کھُسّوں اور پراندےنے تو لباس کا حُسن کچھ اور بھی بڑھا دیا ہے۔

عنّابی،سُرمئی اور چاکلیٹی رنگ میں لُنگی پرنٹ لاچے کے ساتھ ساٹن سِلک کا گلابی رنگ کُرتاسادہ سہی، مگر بھلا لگ رہا ہے ،تو پراندہ بھی جچ رہا ہے۔پیرٹ گرین رنگ لاچے کے ساتھ تکون دامن کی کام دارقمیص کا(جس کی ہاف کٹ سلیوز ہیں ) لُک اسٹائلش ہے،تو شیشوں سے آراستہ پراندہ بھی خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔ کہیے، کیسی لگی، ہماری آج کی روٹین سے ہٹ کر یہ منفرد، دیدہ زیب پیراہن سے سجی سجائی بزم۔