اسلام آباد: بارشوں سے ہائیکنگ ٹریکس کے جھرنوں میں پانی کا بہاؤ تیز

August 28, 2020

رواں ہفتے ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث اسلام آباد کے ہائیکنگ ٹریکس پر پانی کا بہاؤ بڑھ گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد یہاں کارخ کررہی ہے۔

شہری ہائیکنگ کرنے کے ساتھ آبشاروں سے پھوٹتے پانی سے بھی خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

حالیہ بارشوں نے شہر اقتدار کی بے مثال خو بصورتی کو مزید نکھار دیا، سر سبز درختوں کے بیچوں بیچ ٹریل اسلام آبا د کے شہریوں کے لئے ایک ہائیکنگ اسپاٹ ہے۔

بہتے ہلکے پانی کی رفتار بڑھی تویہاں کارخ کرنےوالے شہریوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

وہاں آئے ہوئے لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے دوستوں کے ساتھ ٹریل 5 آئے ہیں اور اب یہاں نہا نہا کر ٹھنڈ لگ رہی ہے۔

پتھروں سے بہتے پانی کا منظر دیدنی ہے، کچھ لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ آئے جنہیں یہ ماحول اور پانی کے ساتھ کھیل کر مزہ آرہا ہے۔

ٹریل 5 کے شروع میں واٹر فال ہے، جس میں حالیہ بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں تیزی آئی ہے۔

شہریوں کی بڑی تعداد یہاں آکر انجوائے کرتی ہے اور اس کے بعد شہری آگے ہائکنگ ٹریک پر چلے جاتے ہیں۔

بعض شہری روزانہ ہائیکنگ کیلئے ٹریل فائیو کارخ کرتےہیں لیکن عام طور پر فیملیز ویک اینڈز پر یا بارش کے بعد یہاں آتی ہیں۔

جھرنوں سے پھوٹتا، پتھروں پر بہتا صاف شفاف پانی اور اس پہ پڑتے شہریوں کے لڑکھڑاتے قدم، ٹریل 5 پر خوب رونق کا سماں ہے۔

بچے، بڑے، عورتیں مرد سبھی کا موڈ انتہائی خوشگوار ہے، گپ شپ، ہنسی مذاق، قہقہے یہاں ٹریل فائیو پر سبھی کچھ چل رہاہے۔