ریسٹورنٹس انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کیلئے پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے،اطہر چاؤلہ

September 01, 2020

کراچی(اے پی پی) آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن ( اپرا) کے کنوینر اطہر چاؤلہ نے حالیہ بارشوں کے دوران کراچی بھر کے ریسٹورنٹس میں بھرنے والے پانی کی نکاسی کے اب تک کوئی انتظامات نہ ہونے پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت، ڈی ایچ اے اور سی بی سی کے اعلیٰ حکام سے درخواست کی ہے کہ ریسٹورنٹس انڈسٹری کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے پانی کی نکاسی فوری یقینی بنائی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوسکیں۔اطہر چاؤلہ نے پیر کو جاری بیان میں کہاکہ حالیہ موسلا دھار بارشوں سے کراچی کے بیشتر علاقوں بالخصوص ڈیفنس، کلفٹن،پی ای سی ایچ ایس،نارتھ ناظم آباد،ناگن چورنگی، بفرزون، حیدری،گلشن اقبال، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں واقع ریسٹورنٹس میں بارش کا کئی فٹ پانی بھرگیا ہے جو تاحال نہیں نکالا جاسکا جس کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاءخراب ہوگئی ہیں جبکہ ریسٹورنٹس کے کچن اورفرنیچر تباہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریسٹورنٹس مالکان اپنی مدد آپ کے تحت بارش کا پانی نکال رہے ہیں مگر ریسٹورنٹس کے باہر بارش کا کئی فٹ جمع ہونے سے نکاسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار ش کا سلسلہ تھمے4روز گزر گئے مگر ڈی ایچ اے،سی بی سی اور دیگر علاقوں کے متعلقہ اداروں نے ریسٹورنٹس سے بارش کے پانی کی نکاسی کے کوئی انتظاات نہیں کیے ۔ان اداروں کی غفلت اورنااہلی کی وجہ سے ریسٹورنٹس انڈسٹری کواربوں کا نقصان ہوا ہے کیونکہ کرونا وباءکے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے طویل لاک ڈاؤن سے ریسٹورنٹس انڈسٹری کو اتنا مالی نقصان نہیں ہوا جتنا حالیہ بارشوں سے ہوا ہے۔