کم خرچ میں گھر کو دیں نیا رنگ رُوپ

September 04, 2020

مہوش ناز

عام طور پر یہی تصور کیا جاتا ہے کہ گھر کی سجاوٹ کے لئے کثیر رقم کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن اگر آپ سمجھ بوجھ سے کام لیں تو آپ تھوڑی سے پیسوں سے بھی اپنا گھر عالی شان طریقوں سے سجا سکتی ہیں ۔گھر میں پہلے سے موجود بے کار اشیاء کو کار آمد بنا کر آپ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دیکھا سکتی ہیں ۔ذیل میں دی گئی ٹپس پر عمل کریں اور گھر کو جاذب ِنظر بنائیں۔

پرانے فرنیچرکونیا بنائیں

اگر آپ اپنا پرانا فر نیچر جلدی بدلنا نہیں چاہتی تو کوئی بات نہیں ،آپ ہر چھ مہینے بعد پرانے فر نیچر پر پینٹ یا پالش کرلیا کریں ،اس طر ح آپ کو فرنیچر جلدی تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔

دیواروں پرٹیپ لگائیں

اگر آپ کے گھر میں چھوٹے بچے ہیں جو دیواروں پرنشانات ڈالتے ہیں ،تو ایسے بچوں کے لئے آپ اپنی دیواروں پر نیون ماسکنگ ٹیپ کااستعمال کریں اور بچوں کو دیواروں پر نشان بنانے دیں، کیوں کہ اس ٹیپ سے نہ دیواریں گندی ہوتی ہیں اور نہ ہی ان پر نشانات آتے ہیں۔

وال ہینگنگ

کپڑوں کے بچے ہوئے ٹکڑوں یا پرانے کپڑوں کوکاٹ کرخوبصورت وال ہینگنگ تیارکیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی بورڈ یاموٹے گتے پر آپ ان کپڑوں کوخوبصورتی کے ساتھ لگاسکتی ہیں۔

فالتو شیشے کا استعمال

گھر میں پڑے ہوئے فالتو شیشے کا فریم کروا کرکسی بھی کمرے ، داخلی راستے یا کوریڈور میں آویزاں کردیں تودیوار کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔اسی طرح اگر شیشے کے کناروں پر خوبصورت پینٹنگ کرکے یا پھر خوبصورت آرٹیفیشل بیلیں لگا دی جائیں تو گھر کی سجاوٹ کو چار چاند لگ جائیں گے۔

گھر میں لگےتاروں کو سلیقہ مندی سے لگائیں

گھر میں جگہ جگہ لگے تار اچھے نہیں لگتےاور گھر کے حسن کو بھی گہنا دیتے ہیں۔ انھیں منظر سے اوجھل کرنےکے لئے پلاسٹک بورڈ لے کر اسے باڑ کی شکل میں کاٹ کر لگادیں اور تمام تار اس کے پیچھے سیٹ کردیں۔اس سے خوبصورت ڈیزائن بھی بن جائے گا اور آپ کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔

کینڈل ہولڈر

رنگ برنگی موم بتیاں خوبصورت دکھائی دیتی ہیں۔ اگر آپ کے پاس کینڈل ہولڈرنہیں بھی ہے تو آپ صر ف موم بتیاں خریدیں اورہولڈر کی جگہ گھرمیں موجود پرانی شیشے کی بوتلوں کو گلاس پینٹنگ سے بیل بوٹے بنا کرمنفرد انداز میں سجا لیں۔

ہینگرز کوٹیپ کریں

ہینگرز پر اکثر زنگ آجاتا ہے اور وہ خراب ہوجاتے ہیں اسی لئے اگر ہینگرز پرانے ہو جائیں تو انھیں خوبصورت کلر فل ماسکنگ ٹیپ کی مدد سے ٹیپنگ کرکے پھر سے استعمال کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

پرانا کٹنگ بورڈ

کچن میں موجود پرانے کٹنگ بورڈ پینٹ کرکے خوبصورت ڈیکوریشن پیس تیار کریں، کوشش کریں کہ اس پر ہلکے رنگوں سے پینٹ نہ کریں، کیوں کہ ہلکے رنگ وقت گزرنے کے ساتھ پھیکے پڑجاتے ہیں ۔