مینی کیور، پیڈی کیور

September 04, 2020

عربش فاطمہ

اکثر خواتین صرف چہرے کی خوبصورتی پر ہی توجہ دیتی ہیں۔ چہرے کے لیے مختلف طرح کی کریمیں اور نسخے آزماتیں ہیں ۔اس کے مقابلے میں ہاتھوں اور پیروں پر کوئی خاص توجہ نہیں دیتیں جب کہ گھرکے کاموں کی وجہ سے ہاتھوں اور پیروں کی جلد بہت روکھی اور سخت ہوجاتی ہے ۔خاص طور پر کپڑے اور برتن دھونے کے سبب جلد کی قدرتی نمی ختم ہوجاتی ہے۔پانی میں زیادہ دیر کام کرنے کی وجہ سے پاؤں کی جلد بھی متاثر ہوتی ہے۔

یہ یاد رکھیں کہ گھر یلو کاموں سے فارغ ہونے کے بعد کسی معیاری باڈی واش سےہاتھ اور پائوں اچھی طرح سے دھو کر خشک کرلیں اور بعدازاں موئسچرائزنگ لوشن ضرور لگائیں اس سے جلد کی نمی بر قرار رہے گی۔

آپ مینی کیور اور پیڈی کیور کرکے بھی ہاتھوں اور پائوں کی خوبصورتی برقرار رکھ سکتی ہیں ،اگر گھریلو مصروفیات کی وجہ سے آپ کے پاس پارلر جانے کا وقت نہیں ہے تو اس میں پر یشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ،یہ کام آپ گھر بھی کر سکتی ہیں ۔ذیل میں آپ کو گھر میں مینی کیو را ور پیڈی کیور کرنے کا طر یقہ بتا رہے ہیں ۔اس پر عمل کر کے ہاتھوں اور پائوں کی حفاظت کریں ۔

مینی کیورا ور پیڈی کیور مہینے میں 2 دفعہ کرنا چاہیے ۔عام طور پر مارکیٹ میں اس کی کٹ بھی مل جاتی ہے ۔جس میں نیل فائلر ،اورنج ووڈسٹک، کیوٹیکل نائف، کیوٹیکل پشر، کیوٹیکل کٹر ،ہینڈبرش ہارڈاور سافٹ سیکرپیر فٹ برش ہوتا ہے ۔

مینی کیور

اس کو کرنے سے پہلے یہ لازمی دیکھیں لیں کہ آپ کے نا خنوں میں فنگس تو نہیں لگی ۔اگر نہیں ہے تو سب سے پہلے پورے ہاتھوں پر بلیچ کر لیں ۔اگرآ پ کی جلد حساس ہے تو بلیچ کرتے وقت احتیاط سے کام لیں اور بلیچنگ پائوڈر کا استعمال مناسب مقدار میں کریں ۔ناخنوں پر نیل پالش لگی ہوتو نیل ریمو ر سے اس کو صاف کرلیں ۔بعدازاں نیل کٹر سے ناخن کاٹ کر اپنی مر ضی سے شیپ میں نیل فائل کرلیں ۔اب برش کی مدد سے کیوٹیک کریم ،بے بی آئل یا اولیو کیو ٹیکلز پر لگائیں ،تاکہ کیوٹیکل کی اسکن نرم ہوجائے ۔اس کے بعد اسکرب کریم سے مساج کریں اور نیم گرم پانی میں تھوڑی دیر کے لیے ہاٹھ ڈبو کر خشک کر لیں ۔

پھر ہینڈ برش پر چند قطرے شیمپو یا ہینڈ واش لگا کر ناخنوں کو اندرسے صاف کرکے نیم گرم پانی میں ہاتھ ڈبو لیں ۔کیوٹیکل پشر سے کیو ٹیکلز کو پُش کریں اور کیوٹیکل نائف سے ڈیڈ اسکن کٹ کر لیں۔ موئسچرائزنگ کریم سے مساج کریں اور کچھ دیر تک نیم گرم پانی میں ہاتھ ڈبو لیں ۔بعدازاں اورنج ووڈ اسٹک سے ناخنوں کے اندر کی صفائی کریں ،تا کہ کریم کے ذرات ناخنوں سے نکل جائیں۔ کاٹن پر تھوڑا سا نیل ریموور لگا کر دوبارہ ناخن صاف کریں ۔

نیل پالش لگانے کا طریقہ

مینی کیور کرنے کے بعد اگر آپ نیل پالش لگانا چاہتی ہیں تو سب سے پہلے ناخنوں پر ٹرانسپیریٹ کوٹ لگا ئیں ،تا کہ نیل پالش کی وجہ سے ناخن پیلے نہ ہو جائیں ۔بعض اوقات نیل پالش صاف کرنے کے بعد بھی ناخنوں پر اس کے داغ رہ جاتے ہیں لیکن بیس کوٹ استعمال کرنے کے بعد ایسا نہیں ہوتا ۔بعدازاں اپنی مرضی سے کسی بھی شیڈ میں نیل پالش لگائیں اور جب خشک ہوجائیں تو چمک کے لیے ٹاپ کوٹ استعمال کریں ۔اس کے بعد اپنی مرضی کاکوئی بھی نیل آرٹ بنا لیں ۔

پیڈی کیور

پیڈی کیورکرنے کے لیے سب سے پہلے بلیچ کریں ،اگر آپ کے پائوں پر کوئی زخم ہے تو بلیچنگ پائوڈر کو کم مقدار میں استعمال کریں ۔اگر نیل پینٹ لگا ہے تو صاف کرکے ناخن کاٹ لیں اور اپنی پسند کے مطابق شیپ میں نیلز فائل کرلیں۔ بعدازاں کیوٹیکلز پر کیوٹیکل کریم لگائیں ۔ٹب میں نیم گرم پانی ڈال کر گلاب کی پتیاں ،شیمپو اور باڈی واش شامل کر کے پائوں اس میں ڈبو لیں ۔اگر آپ نے بلیچ نہیں استعمال کیا ہے تو پانی میں تھوڑا سا ہائیڈروجن لیکو ئیڈ ڈا ل لیں ۔5 سے 10 منٹ تک پائوں کو بھگوئیں رکھیں ۔اس کے بعد تولیے سے صاف کرلیں۔

کیوٹیکل پُشر سے پُش کرنے کے بعد کیوٹیکل نائف سے کیوٹیکلز اتار لیں ۔پھر ہارڈ فٹ اسکریپر سے ایڑھیوں کو رگڑیں ،تا کہ اس کی جلد ہموار ہوجائے۔بعدازاں آہستہ آہستہ سافٹ فٹ اسکر یپرسے رگڑیں ۔ کیوٹیکل کٹر سے ہارڈکیوٹیکلز کاٹ لیں ۔اب اسکرب کریم سے پائوں پر مساج کرنے کے بعد نیم گرم پانی سے دھو کر خشک کرلیں ۔اورنج ووڈاسٹک سے ناخن صاف کریں۔ بعدازاں نیل ریموور سے دوبارہ ناخن صاف کرلیں اور پھر بیس کوٹ لگانے کے بعد نیل پالش لگائیں اور آخر میں شائن کے لئے ٹاپ کوٹ لگالیں۔