اوورسیز پاکستانیوں کی آسانی کیلئے قوانین بنا رہے ہیں، ذلفی بخاری

September 04, 2020

وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی آسانی کے لیے قوانین بنا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو مزید سہولتیں فراہم کریں گے، جب اوورسیز پاکستانی وطن آئیں گے تو آسانی سے چھٹیاں گزار سکیں گے۔

ذلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے زمین کے تنازعات کے لیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کو حل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2 ہفتوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے قوانین سازی پر کام کرلیں گے۔

ذلفی بخاری نے کہا کہ کامن ویلتھ کے ممالک کے ساتھ دوہری شہریت پر اشتراک کی کوشش کر رہے ہیں، جو ممالک دہری شہریت رکھنےکی اجازت دیں گے ان کےساتھ تعاون کیلئے دفتر خارجہ کی مدد لیں گے، دوہری شہریت رکھنے کی اجازت سے متعلق ابھی مشاورت اور کام جاری ہے۔