خواجہ اعجاز احمد بٹ بحیثیت افسانہ نگار

September 13, 2020

ترتیب و تدوین: ذوالفقار احسن

صفحات: 124

قیمت: 300 روپے

ناشر: مکتبہ اسالیب، سرگودھا/ لاہور۔

خواجہ اعجاز احمد بٹ افسانوی دُنیا میں اپنی شاخت رکھتے ہیں۔اُن کی ایک اور قابلِ احترام پہچان ایک ایسے استاد کی ہے جس نے برس ہا برس طلبہ کو انگریزی زبان کی تعلیم دی۔ خود اپنے زمانہِ طالبِ علمی میں اُنہوں نے امتیازی حیثیتوں سے کام یابی حاصل کی۔ ساٹھ کے عشرے سے اُن کے افسانے برِّصغیر کے معتبر پرچوں کی زینت بن رہے ہیں۔ نام وَر ناقدین اُن کی افسانہ نگاری پر پسندیدگی کا اظہار کر چُکے ہیں۔

ذوالفقار احسن نے، جو خود بھی ادبی دُنیا کے لیے ایک شناسا نام ہیں،’’خواجہ اعجاز احمد بٹ:بحیثیت افسانہ نگار‘‘کے عنوان سے اس کتاب کو مرتّب کر کے افسانوں کی دُنیا کے ایک اہم نام کے بارے میں شایع ہونے چند مضامین کو نہ صرف یک جا کر دیا ہے، بلکہ افسانہ نگار کے چند خُوب صُورت افسانے بھی اس کتاب میں شامل کر کے اُس کی قدر و قیمت بڑھا دی ہے۔