آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے

September 13, 2020

چہرہ کتنا ہی خُوب صُورت، تروتازہ کیوں نہ ہوں، اگر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے موجود ہوں، تو سارا حُسن گہنا کے رکھ دیتے ہیں۔ عام طور پر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نیند کی کمی، تھکاوٹ، ذہنی تناؤ، ہارمونز کی خرابی اور پانی کی کمی کی وجہ سے ہوتے ہیں، جنہیں چُھپانے کے لیے عموماً مختلف کریمز وغیرہ استعمال کی جاتی ہیں، جو صرف چہرہ دُھلنے تک کار آمد ہوتی ہیں۔ ہم ذیل میں آپ کو چند ایسے ٹوٹکے بتا رہے ہیں، جن کا اثر ہرگز جُز وقتی نہیں، لیکن ان کے ساتھ آپ کو چند باتوں پر بھی عمل کرنا ہوگا۔مثلاً بھرپور نیند لیں، متوازن غذا کا استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی پیئں۔

٭کھیرے کے سلائسز کاٹ کر بیس منٹ کے لیے آنکھوں کے اوپر رکھ کر سُکون سے لیٹ جائیں۔بعد ازاں، آنکھوں سے ہٹا کر چہرہ دھولیں۔ چند ہی روز میں سیاہ حلقے کم ہوجائیں گے۔

٭ایک آلو کچل کر رس نکالیں اور کاٹن پیڈ کی مدد سے آنکھوں کے گرد لگالیں۔خشک ہونے پر ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔ یہ عمل دِن میں دو بار کریں،تو جلد اثر ہوگا۔

٭ٹماٹر کا رس بھی سیاہ حلقے دُور کرنے کے لیے اکسیر ہے۔ اس کے لیے ایک عدد ٹماٹر کا رس نکال لیں۔اور اس میں آدھا چائے کا چمچ لیموں کا رس مِکس کرکے15منٹ کے لیے آنکھوں کے گرد لگالیں۔ بعد ازاں، چہرہ دھودیں۔

٭سیاہ حلقوں سے نجات کے لیے ٹھنڈے دودھ کا استعمال بھی بےحد مفید ہے، اس کے لیے ایک باؤل میں دو آئس کیوبز (کُٹی ہوئی)اور تھوڑا سا دودھ شامل کرکے مِکس کرلیں۔ اور کاٹن پیڈ کی مدد سے آنکھوں کے گرد لگائیں اور سوکھنے پر چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔

٭ایک پیالی میں ایک چمچ عرقِ گلاب ڈال کر کاٹن پیڈ کی مدد سے سیاہ حلقوں پر دِن میں دو بار لگائیں۔

٭چھے بادام رات بَھر پانی میں بھگو کے صُبح ہونے پر پیس لیں۔ اور اُن کا پیسٹ آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں پر لگائیں ۔

٭لیموں کے رس میں روغنِ چنبیلی کے چند قطرے مِکس کرکے رات سوتے وقت آنکھوں کے گرد لگانے سے بھی سیاہ حلقے رفتہ رفتہ ختم ہوجاتے ہیں۔

(ارم سکندر، کراچی)