موٹروے واقعے کے خلاف فنکار سڑکوں پر نکل آئے

September 14, 2020


موٹروے واقعے کے خلاف شوبز سے وابستہ شخصیات بھی احتجاج کے لیے نکل آئیں، فنکاروں نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور معاشرے کو جگانے کی بھرپور کوشش کی۔

فنکاروں نے کہا کہ ریپ عورت کی نہیں بلکہ معاشرے اور نظام کی بے عزتی ہے، اس لئے عورت کو غیرت جیسی نام نہاد اصطلاحوں میں قید مت کرو کیونکہ وہ سب سے بڑھ کر ایک انسان ہے۔

موٹر وے سانحے کیخلاف احتجاج کیلئے کراچی پریس کلب پر جمع ہونے والے شوبز ستاروں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکاروں نے جہاں اپنے غم و غصے کا اظہار کیا، وہیں یہ بھی بتایا کہ ریپ کو غیرت سے جوڑنا بالکل غیرمناسب ہے۔

معروف اداکار عدنان صدیقی اور ماہرہ خان نے کہا کہ قانون کا خوف اور سزا پر عملدرآمد ہی ریپ جیسے گھناؤنے اور قابل نفرت جرم کو روک سکتا ہے۔

عائشہ عمر اور اعجاز اسلم نے کہا کہ نصاب میں تبدیلیاں ہوں یا ٹی وی پر نشر کیے جانے والے مواد کا جائزہ، سیلف ڈیفنس سے لے کر معاشرتی رویوں کی درستگی تک، گھر کی تربیت سے ماحول کی تشکیل تک ہمارا مطالبہ ہے کہ خواتین سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے۔