یورپ میں PIA آپریشن بندش سے 28 کروڑ کا نقصان ہوا: وزیرِ ہوا بازی

September 16, 2020

وفاقی وزیرِ سول ایوی ایشن غلام سرور خان کہتے ہیں کہ یورپین سیکٹرز میں پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بند ہونے سے 28 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

یہ بات وفاقی وزیر سول ایوی ایشن غلام سرور خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہی ہے۔

وزیرِہوا بازی نے تحریری جواب میں کہا ہے کہ یورپی سیکٹرز پر 1 اعشاریہ 69 ارب کے بجائے 1 اعشاریہ 41 ارب روپے ریونیو حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو یہ نقصان جولائی تا اگست 2020ء ہوا، جبکہ برطانیہ سیکٹر پر 52 کروڑ روپے منافع کمایا گیا ہے۔

غلام سرور خان نے اپنے تحریری جواب میں کہا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان پروازیں چلانے کے لیے مالٹا کی کمپنی سے خدمات لی گئیں۔

تحریری جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے اب تک 4 راؤنڈ ٹرپ چارٹر پروازیں چلائی ہیں، برطانیہ سیکٹر پر 5 اعشاریہ 31 ارب لاگت کے مقابلے میں 5 اعشاریہ 81 ارب ریونیو حاصل ہوا۔

وفاقی وزیرِ ہوا بازی کا جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہنا ہے کہ پی آئی اے نے کینیڈا، عرب امارات، اومان اور قطر کے لیے پروازیں شروع کر دی ہیں۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے اپنے تحریری جواب میں کہا ہے کہ ملائیشیا، افغانستان اور سعودی عرب کے لیے بھی پروازوں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

غلام سرور کی ذہنی حالت نارمل نہیں، نیئر بخاری

فواد چوہدری نے غلام سرور کے بیان کو نامناسب قرار دیدیا

غلام سرور نے ملک کو تاریخی نقصان پہنچایا، سعید غنی

غلام سرور خان کا تحریری جواب میں کہنا ہے کہ کراچی طیارہ حادثے سے پی آئی اے کی شہرت کو دھچکا لگا ہے، پی آئی اے کے مسافروں میں شدید کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل اثرات کا تعین مزید چند ماہ گزرنے کے بعد ہی ممکن ہے، پی آئی اے کے کراچی حادثے سے پریمیئم کی کاسٹ میں اضافہ ہو گا۔

تحریری جواب میں وزیرِ ہوا بازی ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ پریمیئم کی کاسٹ 5 ملین ڈالرز سے زیادہ ہو گی، ہوائی جہاز اور متوفی مسافروں کو معاوضے کی ادائیگی انشورنس کمپنی کرے گی۔

غلام سرور خان کا جمع کرائے گئے تحریری جواب میں یہ بھی کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے ورثا اور 2 بچ جانے والے مسافروں کو 10 لاکھ روپے فی کس ادا کیئے، قانونی کارروائی کے بعد فی مسافر ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔