88 سالہ امریکی شخص نے 24 ہزار میل کا فاصلہ پیدل طے کیا

September 16, 2020

پیدل چلناصحت کے لیے بہت مفید ہے، یہی سوچ کر ایک امریکی شخص نے 24900 میل کا فاصلہ پیدل چل کر طے کر لیا۔

88 سالہ امریکی شخص بریڈ ہید اوے جب 50 سال کی عمر کے ہوئے تو انہیں کئی بیماریوں نے گھیر لیا تھا، جس میں ذیابیطس، امراضِ قلب اور صحت کے دیگر مسائل شامل تھے، اس وقت یعنی 1988 میں ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ روزانہ تین میل تک پیدل چلیں، جسے سنتے ہی انہوںنے پیدل چلنے کا اپنا سفر شروع کردیا اور بریڈ ہیداوے چھڑی کی مدد سے چلنے لگے، جس کے بعد پیدل چلنا ان کی عادت بن گئی۔

بریڈ ہیداوے نے پیدل چلتے ہوئے پورے شہر کا سفر مکمل کیا، جس کے بعد سے وہ سر دی، گرمی غرض ہر موسم میں پیدل چلنے لگے، جبکہ بعض اوقات تو وہ ایک دن میں دس دس میل بھی پیدل چلے ہیں۔

انہوں نے اپنے سفر کے دوران نہ صرف کئی میل کا فاصلہ طے کیا بلکہ کئی جگہوں کی صفائی بھی کی اور بعض مقامات سے فالتو سامان بھی اٹھایا جسے فروخت کر کے وہ سات ہزار ڈالر بھی کما چکے ہیں ۔

بریڈ نے اس طرح یہ سفر جاری رکھا اور اس دوران وہ کئی امریکی شہروں میں گئے جہاں انہوں نے بہت سے دوست بھی بنائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 88 سالہ بریڈ اوے نے پیدل چل کر 24900 میل کا فاصلہ طے کرلیا ہے جو زمین کے گھیر کے برابر ہے۔