زیادتی کے حقیقی واقعہ پر مبنی مختصر فلم ’بیلو- دی کلیڈوسکوپ ‘جاری

September 17, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی معاشرے میں جنسی زیادتی کے حقیقی واقعہ پر مبنی مختصر فلم ’بیلو- دی کلیڈوسکوپ ‘جاری کردی گئی ۔اس مختصر فلم کی کہانی ایک خاتون پر مبنی جو پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر کا شکار ہے، جسے 10 برس کی عمر میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور اس کی ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر وائرل کردی جاتی ہے جس کے بعد وہ بڑی عمر تک ذہنی دباؤ کا شکار رہتی ہے ۔فلم بیلو کے رائٹر اور ہدایتکار دانیال افضال نے نجی چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں عورت کو ہمیشہ خاموش کروادیا جاتا ہے تاہم اب لوگوں نے ان مسائل پر آواز اٹھانی شروع کردی ہے ۔دانیال نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اگر کسی کے ساتھ ایسا ظلم ہو تو لوگ اسے سننا پسند نہیں کرتے اور ایسا ہی اس فلم میں دکھایا گیا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ فلم ان تمام خواتین کے لئے ہے جن کے ساتھ عصمت دری کا شکار ہونے کی وجہ سے ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔یہ 9 منٹ کی مختصر فلم برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپوٹ پر مبنی ہے ۔فلم بیلو رواں برس کے آغاز میں تیار ہوگئی تھی تاہم لاک ڈاؤن کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی ،اس فلم کی ٹریبیکا فلم فیسٹیول، ہانگ کانگ کے فلم فیسٹیول ایفوااور ویمن آف دی ورلڈ فیسٹیول میں بھی اسکرینگ کی جاچکی ہے ۔سال 2016 میں دانیال افضال کی مختصر ڈاکومنٹری فلم “دی سروائورز” نے بھی کئی اعزاز حاصل کیے تھے۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل پی آئی بی کالونی سے پانچ سالہ مروا نامی بچی کو اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد بچی کو قتل کردیا گیا تھا۔دوسرا المناک واقعہ لاہور کے قریب گجرپورہ لنک روڈ پر پیش آیا جہاں خاتون کو گاڑی سے اتار کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔