وزیراعظم سے ملاقات، احسان مانی کرکٹرز سے ناراض، مہم ناکامی پر حفیظ ناخوش

September 17, 2020

وزیراعظم سے ملاقات، احسان مانی کرکٹرز سے ناراض، مہم ناکامی پر حفیظ ناخوش

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی ، پاکستانی کے تین مشہور کرکٹرز کی جانب سے وزیر اعظم سے ملاقات اور پی سی بی کے نظام کی مخالفت کرنے پر ناراض ہیں۔ دوسری جانب کھلاڑیوں کی قیادت کرنے والے محمد حفیظ بھی میٹنگ اور اپنی مہم کی ناکامی پر ناخوش ہیں۔ کرکٹرز کی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد ڈپارٹمنٹل کرکٹ کا باب ہمیشہ کے لئے بند ہوتا محسوس ہورہا ہے ۔ عمران خان نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ میں چالیس سال سے کوشش کررہا تھا کہ جب بھی پاور میں آؤں گا اس نظام کو تبدیل کروں گا ایسا نظام جس میں میرٹ اولیت ہوگی۔ ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں میں چالیس سال کی عمر کے کھلاڑی بھی کھیل رہے ہیں۔ ڈپارٹمنٹل کرکٹ پاکستان کا مستقبل نہیں ہے۔ نئے نظام میں مقابلے والی کرکٹ ہورہی ہے۔ذرائع کے مطابق حیران کن طور پر مصباح الحق کی پی سی بی نے ایک سال کے دوران بھرپور حمایت کی لیکن مصباح بھی پی سی بی کے پالیسیوں کے خلاف شکایات لے کر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے لئے وزیر اعظم سے ملاقات کی مہم شروع کی اور وقت مانگا لیکن انہیں عمران خان کی جانب سےسخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ حفیظ کا پی سی بی سے سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ہے۔ مصباح الحق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر ہیں جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں شامل اظہر علی ٹیسٹ کپتان ہیں۔ عمران خان نے انہیں کرکٹ پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔ احسان مانی اور وسیم خان کو عمران خان نے میٹنگ کے لئے طلب کیا تھا۔ احسان مانی کا موقف ہے کہ مصباح الحق نے اسٹیک ہولڈر ہوتے ہوئے پی سی بی کے نئے نظام کے خلاف آواز بلند کی، کرکٹرز کا کام کھیلنا ہے لیکن وہ حساس معاملات پر شکایت لے کر پہنچ گئے۔ دلچسپ بات ہے کہ مصباح الحق، محمد حفیظ اور اظہر علی سوئی ناردرن گیس کے مستقل ملازم ہیں۔ ذرائع کے مطابق احسان مانی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کرکٹرز کی مالی مدد کی جارہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مصباح الحق اور حفیظ آپ اطمینان رکھیں پی سی بی سب کی مدد کرے گا۔