حفاظتی آلات کی فراہمی یقینی اورآئیسکو نجکاری روکی جائے‘ سیفٹی سیمینار

September 17, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) معیاری حفاظتی سامان کی عدم دستیابی سے کارکن جانوں سے محروم یا زندگی بھر کیلئے معذور ہو رہے ہیں۔ ملک کی دیگر بجلی کمپنیوں کی طرح آئیسکو میں بھی لائن سٹاف کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے آئیسکو کمپلیکس مریڑ حسن میں سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں حاجی ظاہر گل، محمد عمران خان، گل نواز بنگش، طارق نیازی، آفتاب رفیق، تصور حسین زیدی، خالد مغل، سید ثمر حسین بخاری، شمس العارفین اور انار گل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ یونین رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ آئیسکو کی نجکاری نہ کی جائے۔ بلند تنصیبات پر کام کیلئے بکٹ وینز اور ہر ڈویژن کی سطح پر کرین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ لائن سٹاف کو درست گاڑیاں‘ سیڑھیاں‘ ہائی وولٹیج ڈٹکٹرز‘ ہینڈ لائنز‘ بکٹ اور دیگر حفاظتی آلات فوری فراہم کر کے سیفٹی کلچر کو فروغ دیا جائے۔ نئے سافٹ ویئر سے ریڈنگ کے عمل میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں لہٰذا اس پر عملدرآمد نہ کیا جائے۔