پولیس بارے وفاقی وزیر کا بیان اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش ہے‘عمرانی

September 17, 2020

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل کمیٹی کے رکن میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ایک وفاقی وزیر کا یہ کہنا کہ پولیس میں آوے کا آوہ ہی بگڑا ہوا ہے اپنی نااہلی کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے مترادف ہے بلکہ یہ منفی طرزعمل انگلی سے سورج کو چھپانے کے مترادف ہے۔ کالی بھیڑیں ہر ادارے میں موجود ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کہ بدنامی کا طوق سب کے گلے میں ڈال دیاجائے۔ دیانتدار اور فرض شناس افسران اور اہلکار اپنی کارکردگی کی بناء پر اپنے ادارے کے لئے باعث فخر ہوا کرتے ہیں دہشت گردی اور لاقانونیت کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا پولیس کی کارکردگی کو مزید مثبت بنانے کے لئے اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ اہداف حاصل کرنے کے لئے پولیس میں شامل سیاسی عنصر کو یکسر ختم کرنا ہوگا۔ صادق عمرانی نے کہا کہ کئی عرصے سے پولیس میں ترقیوں کا عمل رکا ہوا ہے قلیل تنخواہوں کی وجہ سے معاشی بدحالی کا بڑھنا بھی پولیس کی کارکردگی کو متاثر کئے ہوئے ہے۔ اصلاح معاشرہ میں پولیس کا کلیدی کردار ہے رویوں میں مثبت تبدیلی اس عمل میں مزید بہتری لاسکتی ہے عوام کا اعتماد پولیس کی کارکردگی کو مزید متاثر کن بنا سکتا ہے۔ سیاسی بنیادوں پر تبادلے اور تقرریاں لاقانونیت کے خلاف جاری جنگ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنتی چلی آئی ہیں اس عمل کے خاتمے سے اعتماد کی فضاء کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ پولیس کو عوام دوست بنانے کے لئے جامع حکمت عملی اسی صورت کامیاب ہوسکتی ہے جب رویوں میں مثبت تبدیلی کو یقینی بنایا جائے اور پولیس اصل حقائق کی روشنی میں کسی دبائو کے بغیر اپنے فرائض منصبی کو انجام دے اور عوام پائیدار امن کے لئے پولیس سے بھرپور تعاون کریں۔