بھارتی اداکارہ رادھیکا آپٹے نے لاک ڈاؤن کیسے گُزارا؟

September 17, 2020

اِس میں کوئی شک نہیں کہ رادھیکا آپٹے بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکاراؤں میں سے ایک ہیں اور قابل ذکر صلاحیتیوں کی بنا پر اُنہیں بالی ووڈ میں ایک بہترین مقام بھی حاصل ہے۔

اگر ہم لاک ڈاؤن کی بات کریں تو رادھیکا آپٹے نے اپنا لاک ڈاؤن لندن میں گزارا لیکن اس دوران بھی اداکارہ اپنے کام سے وقفہ لینے کے بجائے مختلف پراجیکٹس میں مصروف رہیں۔


بھارتی میڈیا کے مطابق رادھیکا آپٹے نے اس لاک ڈاؤن کا بہترین استعمال کیا ہے۔ انہوں نے مختلف میگزینز کے کور، برانڈز کی شوٹنگ سے لے کر اپنے ہدایتکاری کے منصوبوں میں خود کو مصروف رکھا۔

اِس کے علاوہ رادھیکا آپٹے کو لاک ڈاؤن کے دوران کچھ اسکرپٹ لکھنے کا بھی موقع ملا لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے اُن کا یہ کام مکمل نہ ہوسکا۔ لاک ڈاؤن کے دوران رادھیکا آپٹے نے جو بھی کام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔


رادھیکا ہمیشہ ہی کام سے اپنی محبت اور لگاؤ کی وجہ سے مداحوں کی پسند رہی ہیں اور لا ک ڈاؤن کے دوران جس چیز نے اُن کے مداحوں کو متاثر کیا ہے وہ یہ ہے کہ ان کے پُرستاروں کو رادھیکا کا بالکل مختلف پہلو دیکھنے کو ملا۔


واضح رہے کہ رادھیکا آپٹے نے تھیٹر کی دُنیا سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا تھا جبکہ سال 2005 میں اُنہوں نے بھارتی فلم ’واہ لائف ہو تو ایسی‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔

رادھیکا آپٹے کی مشہور فلموں میں بدلہ پور، واہ لائف ہو تو ایسی، اندھا دھن، فوبیا اور بازار سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔