وزیراعظم عمران خان کی اظہر علی اور محمد حفیظ کی بیٹنگ پرفارمنس پر ستائش!

September 17, 2020

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دورہ انگلینڈ میں ٹی 20 سیریز میں آل راؤنڈر محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ فارم کو سراہا۔

گذشتہ روز موجودہ اور سابق کپتانوں سے ملاقات کے موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ 39 سالہ محمد حفیظ پاکستان کرکٹ کے ’’ایور گرین‘‘ کرکٹر ہیں۔

55 ٹیسٹ 218ون ڈے اور 94 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹی 20 میچوں میں دو نصف سینچریوں کی مدد سے 155رنزبنا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

محمد حفیظ نے سیریز کے دوران اپنے دو ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر کے ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں پہلے کرکٹر ہونے کا بھی اعزاز حاصل کیا، جس نے دو ہزار رنز اور 50 وکٹ کی پرفارمنس پیش کی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے سابق کپتانوں وسیم اکرم، مصباح الحق اور محمد حفیظ سے دوران ملاقات میں ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی دورہ انگلینڈ بالخصوص تیسرے ٹیسٹ میں سینچری اننگز کو سراہا۔

مزید پڑھیے: ’کرکٹ اسٹرکچر ٹھیک کرلیں تو کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا‘

پاکستان کے لیے 88 ٹیسٹ اور 175ون ڈے کھیلنے والے سابق ٹیسٹ کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے ایجز باول ساؤتھمپٹن میں مشکل صورت حال میں تجربے کار انگلش بولنگ اٹیک کا عمدگی سے سامنا کیا۔

انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن کے تیسرے ٹیسٹ میں جہاں پہلی اننگز میں پاکستان نے 273 رنز اسکور کیے، اظہر علی نے 21 چوکوں کی مدد سے 272 گیندوں پر 141رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ کی تین اننگز میں محض 38 رنز بنانے والے اظہر علی کے کیریئر میں یہ ایک انتہائی اہم اننگز تھی، جس میں نا صرف انھوں نے سینچری اسکور کی، بلکہ اپنے ناقدین کو بھی سنچری کیساتھ بھرپور انداز میں جواب دیا۔