میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج

September 17, 2020

پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

کراچی

کراچی میں جنگ جیو دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا، احتجاجی کیمپ میں سینئر صحافیوں جاوید قریشی، شکیل یامین کانگا سمیت دیگر نے شرکت کی۔

جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر جماعت اسامہ بن رضی اور سیکریٹری انفارمیشن جماعت اسلامی سندھ زاہد عسکری بھی شریک ہوئے۔

مظاہرے کے شرکاء نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کی۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں آزادی گلی میں احتجاج کیا گیا ہے، احتجاج میں سینئر صحافیوں، رانا غلام قادر، ناصر چشتی، حنیف خالد سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

لاہور

لاہور میں ڈیوس روڈ پر جاری احتجاجی کیمپ میں سول سوسائٹی کے رہنما عبداللّٰہ ملک، سینئر صحافی ظہیر انجم، اویس قرنی، زمان طاہر، فاروق اعوان، محمد شفیق، عزیز شیخ، منور حسین، عبدالوہاب، محمد علی، طارق محمود، افضل عباس اور عائشہ اکرم سمیت دیگر شریک ہوئے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔

پشاور

پشاور میں جنگ، جیو اور دی نیوز کے دفاتر کے سامنے احتجاج کیا گیا جس میں سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں جنگ اور جیو بلڈنگ کے باہر احتجاجی مظاہرے میں سینئر صحافی محمد اعجاز خان، راشد سعید، حماد اللّٰہ، عبدالصمد اور دیگر شریک ہوئے۔

نوابشاہ اور بہاول پور میں بھی میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔