اقراء عزیز نے نعمان اعجاز کو اداکاری کا چلتا پھرتا اسکول قرار دیدیا

September 18, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اقرا ء عزیز نے نعمان اعجاز کو بہترین اداکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چلتا پھرتا اسکول ہیں۔اداکارہ اقرا ء عزیز اور نعمان اعجاز پہلی بار کسی پروجیکٹ میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔ اقرا ء عزیز نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر نعمان اعجاز کے ساتھ پہلی بار کام کرنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے نعمان اعجاز جیسے بہترین اداکار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔اقرا عزیز نے نعمان اعجاز کو چلتا پھرتا اسکول قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا آپ ہماری انڈسٹری کے لیجنڈ ہیں جو پچھلے 32 برس سے ہم سب کو اپنے کام کے ذریعے تفریح فراہم کررہے ہیں اور اس کے باوجود آپ میں بہت عاجزی اور انکساری ہے، میں اس سے پہلے کبھی اتنی خوش نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ اقرا عزیز اور نعمان اعجاز ڈراما سیریل ’’رقیب سے‘‘ میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔ ڈرامے کا اسکرپٹ، ڈائیلاگز اور منظرنامہ معروف رائٹر بی گل نے لکھا ہے جب کہ اس کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہے۔ ڈرامے میں ثانیہ سعید بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔