بولی وڈ فلم کے گانے میں بیونسے کی تضحیک پر تنقید، فلمساز کی معذرت

September 18, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)اگرچہ پورے برصغیر میں گوری رنگت کا کامپلیکس ہے، تاہم بولی وڈ فلموں میں رنگت اور جسامت کو کچھ زیادہ ہی منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ایسی ہی بولی وڈ کی آنے والی فلم ’خالی پیلی‘ کے ایک گانے میں معروف امریکی پاپ گلوکارہ بیونسے کے نام کا گانا شامل کرکے ان کی تضحیک کی گئی تھی۔فلم ساز مقبول خان کی آنے والی فلم ’خالی پیلی‘ کے گانے ’بیونسے شرما جائے گی‘ کو حال ہی میں ریلیز کیا گیا تھا مگر گانے کے ریلیز ہوتے ہی اس پر خوب تنقید کی گئی تھی۔’بیونسے شرما جائے گی‘ میں اشان کھاتر اور اننیا پانڈے کو بولڈ انداز میں ڈانس کرتے دکھایا گیا تھا۔گانے کی شاعری میں گوری رنگت کی حامل لڑکی یعنی اننیا پانڈے کو سراہتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر وہ رقص کریں گی تو انہیں دیکھ کر بیونسے بھی شرما جائے گی۔شائقین نے گانے پر سخت رد عمل دیا تھا، کیوں کہ کئی افراد کا ماننا تھا کہ گانے کی شاعری میں بیونسے کا نام شامل کر کے سیاہ فام پاپ گلوکارہ کی تضحیک کرنے سمیت لڑکیوں کی کالی رنگت کے مقابلے میں گوری رنگت کو سراہا گیا ہے۔گانے پر ابتدائی طور پر بھارت میں ہی تنقید کی گئی تھی تاہم بعد ازاں گانے پر امریکا اور یورپ سمیت دیگر ممالک کے بیونسے کے شائقین نے بھی تنقید کی تھی۔لوگوں کی شدید تنقید کے بعد فلم ’خالی پیلی‘ کے ہدایت کار مقبول خان نے لوگوں سے معذرت کرتے ہوئے جاری کیے گئے گانے کو بھی ڈیلیٹ کرتے ہوئے نیا گانا بھی جاری کردیا۔شدید تنقید کے بعد فلم ساز نے تصدیق کی کہ گانے کے بول ’بیونسے شرما جائے گی‘ کو تبدیل کرکے نیا گانا بھی جاری کردیا گیا۔