مروہ کے والدین کو مدعو کرنے پرندا یاسر کے پروگرام پر پابندی کا مطالبہ

September 18, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا پرمعروف مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر کے خلاف پابندی لگائے جانے مطالبہ سامنے آگیا۔ گزشتہ ہفتے ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں کراچی میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 5 سالہ بچی کے والدین کو مدعو کیا تھا اور افسوس ناک واقعہ کی مزید تفصیلات بھی آن ائیر کیں ۔تاہم سوشل میڈیا پر بدھ کی شام مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر کے خلاف ٹرینڈ سامنے آیا اور ٹوئٹر صارفین نےندا یاسر پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ۔سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے ندا یاسر کے خلاف پیمرا میں شکایت درج کرانے اور ساتھ ساتھ ان کے مارننگ شو پر بھی پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔میزبان ندا یاسر پر ماضی میں مارننگ شو کی وجہ سے تنقید کا سامنا رہا ہے اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران مہمانوں کے ساتھ شو کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔تاہم کراچی میں ریپ کا نشانہ بننے والی بچی کے والدین کو بلانے اور ان سے سوالات کرنے پر صارفین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ اب پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے میزبان اور ان کے شو پر پابندی کا مطالبہ کررہے ہیں۔اس حوالے سے ٹوئٹر پر ندایاسر پر پابندی لگانے کا ہیش ٹیگ (BanNidaYasir#) بھی ٹرینڈ کررہا تھا۔ندایاسر نے بچی کے والدین سے متعدد سوالات پوچھے جس پر بچی کی والدہ آبدیدہ ہوگئیں جسے صارفین کی جانب سے ان کے زخموں کو کریدنا قرار دیا جارہا ہے۔