آرنلڈ شوار زینیگر کی عمران خان سے ماحولیاتی تغیر پزیری پر معاونت کی اپیل

September 18, 2020

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ سپر اسٹار اور سابق گورنر کیلی فورنیا آرنلڈ شوار زینیگر نے وزیراعظم عمران خان سے ماحولیاتی تغیر پزیری پر معاونت کی اپیل کی ہے۔وزیراعظم عمران خان ماحولیاتی تبدیلی پر بہت زیادہ زور دیتے ہیں اور اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بلین ٹری سونامی منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر سراہا بھی گیا ہے۔اب پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سوشل میڈیا بیان میں کہا ہے کہ آرنلڈ شوار زنیگر نے ماحولیاتی تغیر پزیری پر وزیراعظم عمران خان سے معاونت کی اپیل کی ہے۔فیصل جاوید نے بتایا کہ آرنلڈ شوار زینیگر کی اپیل پر وزیراعظم عمران خان ویڈیو بیان جاری کریں گے۔سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ کلائمٹ ایکشن ہیروز آج ورلڈ سمٹ کے سلسلےمیں آسٹریا میں اکٹھے ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ماحولیاتی تغیر، حیاتیاتی ماحول کے بچاؤ، سبز نوکریوں کی فراہمی اور غربت کے خاتمے سے متعلق اپنے ویژن پر روشنی ڈالیں گے۔فیصل جاوید نے بتایا کہ آرنلڈ شوار زینیگر آلودگی اور ماحولیاتی تغیر پزیری کے خلاف تقریباً 2 عشروں سے برسرِ پیکار ہیں۔پی ٹی آئی سینیٹر نے بتایا کہ آرنلڈ ماحولیاتی تغیر کے خلاف وزیراعظم عمران خان کے اقدامات اور عزم کے معترف ہیں۔سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ ہولی وڈ سپر اسٹار وزیراعظم عمران خان کو کلائمٹ ایکشن ہیرو اور کلائمٹ ایکشن الائنس کا اہم حصہ سمجھتے ہیں۔